داعش کیخلاف مزید کارروائیوں کا حصہ نہیں بن سکتے ، نو منتخب کینیڈین وزیراعظم ، عراق اور شام میں داعش کے خلاف اتحاد کا حصہ جنگی طیارے واپس بلانے کے حوالے سے امریکی صدر براک اوباما کو بھی آگاہ کردیا ہے، جسٹن ٹروڈو کی پریس کانفرنس

جمعرات 22 اکتوبر 2015 09:30

اوٹاوا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22اکتوبر۔2015ء) کینیڈا کے نو منتخب وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اقتدار سنبھالتے ہی عراق اور شام سے اپنی فوجیں اور جنگی طیارے واپس بلانے کا اعلان کردیا ہے تاہم فوج واپسی کی کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق کینیڈین وزیراعظم نے ایک پرس کانفرنس کے دوران بتایا کہ "انھوں نے عراق اور شام میں داعش کے خلاف اتحاد کا حصہ جنگی طیارے واپس بلانے کے حوالے سے امریکی صدر براک اوباما کو بھی آگاہ کردیا ہے".گذشتہ برس کینیڈا نے عراق و شام میں اپنے سی ایف 18 فائٹر جیٹ بھیجے تھے، جبکہ شمالی عراق میں کردوں کی تربیت کے لیے بھی 70 خصوصی دستے بھیجے گئے تھے،جنھوں نے مارچ 2016 تک امریکی اتحاد کا حصہ رہنا تھا۔

اپنی انتخابی مہم کے دوران جسٹن ٹروڈو نے فائٹر جیٹس کو واپس بلانے اور جنگی مشن کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا، تاہم انھوں نے اپنے فوجی تربیت کاروں کی وہاں موجودگی کے عزم کا اظہار کیا تھا.یاد رہے کہ گذشتہ روز کینیڈا میں ہونے والے انتخابات میں کنزرویٹو کو شکست دے کر لبرل پارٹی کے جسٹن ٹروڈو نے کامیابی حاصل کرلی تھی، جبکہ ایک عشرے تک اقتدار میں رہنے والے وزیراعظم سٹیفن ہارپر نے شکست تسلیم کرلی تھی ۔