فلپائن : ریسٹورنٹ پر خاتون کی فائرنگ ، دو چینی سفارتکار ہلاک ، ایک زخمی

جمعرات 22 اکتوبر 2015 09:22

منیلا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22اکتوبر۔2015ء)فلپائن کے شہر سیبو کے ایک ریسٹورنٹ میں ایک خاتون حملہ آور کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں چین کے دو سفارت کار ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گئے ہیں۔پولیس نے بتایا ہے کہ بدھ کو پیش آنے والے اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں چینی قونصل خانے کے نائب قونصل اور امورِ خزانہ سے منسلک افسر شامل ہیں جبکہ قونصل جنرل زخمی ہوئے ہیں جنھیں ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ایک چینی خاتون اور ایک مرد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔چیف سپرنٹینڈنٹ پروڈنسیو بناس کا کہنا ہے کہ ’ہم ابھی تک فائرنگ کی وجہ جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘ان کا کہنا تھا کہ ایک مشتبہ چینی خاتون اس سلسلے میں زیرِ حراست ہیں تاہم ان سے پوچھ گچھ کرنے کے لیے مترجم کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ زیرِ حراست خاتون چینی قونصل خانے میں کام کرتی تھیں۔

پولیس کو جائے وقوعہ سے ایک پستول بھی ملا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے پیش آیا۔ریسٹورنٹ کے مینیجر سٹیون پیٹرو کے مطابق پرائیویٹ روم میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جہاں اکثر سیاست دان آ کر بیٹھتے ہیں۔دوسری جانب منیلا میں چینی سفارت خانے کی ترجمان لی لینزیاوٴ کے مطابق وہ ابھی اس واقعے پر کچھ نہیں بتا سکتیں جبکہ فلپائن کے محکمہ خارجہ کے ترجمان چارلز جوس نے بھی کوئی بیان دینے سے انکار کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :