جوہری معاہدہ ،ایران نے یورینیم کی افزودگی کا کام بند کرنے کی ابتدا کر دی،سینٹری فیوجز کی تعداد کو کم کرنے کا ابتدائی کام شروع ہو چکا ہے،علی اکبر صالحی

بدھ 4 نومبر 2015 09:38

تہرا ن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4نومبر۔2015ء)ایران نے یورینیم کی افزودگی کے کام کو بند کرنے کی ابتدا کر دی ہے تاکہ جولائی میں دنیا کے چھ اہم ممالک کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی پاسداری ہو سکے۔یہ بات ایران کے جوہری پروگرام کے سربراہ نے اپنے جاپان کے دورے میں کہی۔علی اکبر صالحی نے بتایا کہ سینٹری فیوجز کی تعداد کو کم کرنے کا ابتدائی کام شروع ہو چکا ہے لیکن اس میں کچھ وقت ضرور لگے گا۔

یہ مشینیں یورینیم کی افزودگی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہیں اور ان کی تعداد میں کمی کرنا معاہدے کا مرکزی حصہ تھا۔اس بابت کام کی ابتدا کی تصدیق تہران سے بھی ہوئی ہے۔ تقریباً 20 سخت گیر اراکین پارلیمان نے صدر حسن روحانی سے تحریری شکایت کی ہے کہ نتانز اور فوردو کے دو پلانٹ میں سینٹری فیوجز کو کم کرنے کا کام بہت تیزی سے ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے گذشتہ ماہ اس جوہری معاہدے کی مشروط توثیق کی ہے۔

ایران کی پارلیمان نے بھی گذشتہ ماہ اس معاہدے کی تصدیق کی ہے اور اسی طرح امریکی کانگریس نے بھی اسے منظوری دے دی ہے کیونکہ ریپبلیکنز اس معاہدے کو روکنے میں ناکام ہو گئے۔اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے سنہ 2006 سے 2015 کے درمیان ایران میں یورینیم کی افزودگی کو روکنے کے لیے سات قرارداد منظور کی۔

متعلقہ عنوان :