اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں نظر انداز لیگی کارکنوں نے فارورڈ بلاک بنانے کی دھمکی دیدی، ٹکٹ دینے کیلئے وزیر اعظم نے طارق فضل چوہدری کی صدارت میں کمیٹی قائم کی،کمیٹی نے من پسند افراد کو ٹکٹ دینا شروع کیا،لیگی کارکنوں نے متعلقہ فورم پر شکایت بھی کی تاہم اس پر عملدرآمدنہ سکا،سیکرٹری کو درجنوں ایسی درخواستیں موصول،ذرائع

بدھ 4 نومبر 2015 09:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4نومبر۔2015ء)اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر لیگی نظریاتی کارکنان کو نظر انداز کرکے سفارشیوں اور من پسند افراد کو ٹکٹ دینے پر لیگی کارکنوں نے فارورڈ بلاک بنانے کی دھمکی دیدی ہے ،اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل کو درجنوں شکائتی درخواستیں وصول ہو گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کے موقع پر کارکنوں کو ٹکٹ دینے کے لیے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے ایک کمیٹی قائم کی تھی جس کا انچارج رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو بنایا گیا تھا ۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے جب اپنے من پسند افراد کو ٹکٹ دینا شروع کیا تو اس وقت لیگی کارکنوں نے شور شرابا کے علاوہ اپنے متعلقہ فورم پر شکایت بھی کی تھی تاہم اس پر عمل درآمدنہ سکا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ اسلام آباد کے سیکرٹری کو درجنوں ایسی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جن میں ایک فارورڈ بلاک بنانے کی بھی دھمکی دی گئی ہے تاہم سیکرٹری شجاع نے ذاتی طور پر دن رات کوششیں شروع کر دی ہیں کہ الیکشن کے موقع پر کوئی پھوٹ نہ پڑے تاہم ذرائع کے مطابق بہت جلد فارورڈ بلاک کے اعلان کے لیے طبل بجا دیا جائے گا۔