بلدیاتی انتخابات ،عابد شیر علی اور چوہدری شیر علی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزامات مسترد کر دئیے، اکرم خان درانی کے خلاف فیصلہ آج سنایا جائے گا،پارٹی سے منحرف جے یوآئی کے 5، تحریک انصاف کے دو بلدیاتی اراکین کی رکنیت منسوخ

بدھ 4 نومبر 2015 09:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4نومبر۔2015ء) وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی اور سابق مئیر چوہدری شیر علی نے بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزامات مسترد کر دئیے ہیں، الیکشن کمیشن انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم خان درانی کے خلاف فیصلہ آج (بدھ کو )سنایا جائے گاجبکہ پارٹی سے منحرف ہونے والے جے یوآئی کے 5اورپاکستان تحریک انصاف کے دو بلدیاتی اراکین کی رکنیت منسوخ کردگئی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پنجاب کے ضلع فیصل آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے موقع پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے سلسلے میں سابق میئر فیصل آباد چوہدری شیر علی اور وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اس موقع پر چوہدری شیر علی نے الیکشن کمیشن میں وضاحت کی کہ میں نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی کسی قسم کی خلاف ورزی نہیں کی ہے ہم نے الیکشن جلسے سے نہیں بلکہ ورکرز کنونشن سے خطاب کیا تھا جس پر الیکشن کمیشن نے اس سلسلے انہیں تحریری طور پر جواب داخل کرنے کی ہدایت کی الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم خان درانی کے خلاف بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے اور یہ فیصلہ آج بروزہ بدھ سنایا جائے گاالیکشن کمیشن نے جے یوآئی سے منحرف ہونے والے لکی مروت کے 5جبکہ مانسہرہ اور چارسدہ سے پی ٹی آئی کے دو بلدیاتی ممبران کی رکنیت منسوخ کر لی ان بلدیاتی ممبران نے ضلع ناظم کے انتخابات کے موقع پر پارٹی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مخالف امیدواروں کو ووٹ دئیے تھے اور ان کی رکنیت منسوخی کے خلاف پارٹی نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا جس پر الیکشن کمیشن نے ان امیدواروں کو نوٹسسز جاری کر دئیے تھے اور سماعت کے بعد ان کی رکنیت منسوخ کر دی گئی۔