بنگلہ دیش میں سکیورٹی خدشات کے باعث افریقن وویمنز ٹیم کا دورہ ملتوی ،جنوبی افریقہ کے کرکٹ حکام نے مطلع کیا ہے خواتین کرکٹ ٹیم منگل کو ڈھاکا نہیں آسکتی،وجہ انتظامی مسائل بتائے ہیں، امید ہے مسائل جلد ہی حل ہوں گے ، دورے کی نئی تاریخ کا اعلان کریں گے ،بی سی بی چیف ایگزیکٹو

بدھ 4 نومبر 2015 09:04

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4نومبر۔2015ء)جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش میں انتہا پسندوں کے حملوں اور ٹارگٹ کلنگ سے خراب ہوتے حالات کے باعث دورہ ملتوی کردیا ہے۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڑ (بی سی بی) نے تین ایک روزہ اور دو ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے مہمان ٹیم کے ڈھاکا پہنچنے سے محض ایک دن پہلے دورہ ملتوی ہونے کا اعلان کیا۔

بی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو ناظم الدین چوہدری نے بتایا کہ "جنوبی افریقہ کے کرکٹ حکام نے انھیں مطلع کیا ہے کہ خواتین کرکٹ ٹیم منگل کو ڈھاکا نہیں آسکتی"۔ان کا کہناتھا کہ "انھوں نے دورہ ملتوی کرنے کی وجہ انتظامی مسائل بتائے ہیں، ہمیں امید ہے کہ مسائل جلد ہی حل ہوں گے اور وہ دورے کی نئی تاریخ کا اعلان کریں گے "۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے جنوبی افریقہ کرکٹ کے چیف یا حکومت کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے لیکن بنگلہ دیش میں مقتول سیکولر مصنف کے ساتھ کام کرنے والے پبلشر کے قتل کے دودن بعد دورہ ملتوی کرنے کا اعلان سامنے آیا ہے۔

دو دیگر سیکولر بلاگرز اور دوسرے کتابوں کے پبلشر پر بھی اسی دن شدید حملہ کیا گیا تھا جس سے سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوگیا ہے۔جنوبی افریقہ خواتین کرکٹ ٹیم کا دورہ بنیادی طور پر اکتوبر میں ہونا تھا تاہم بنگلہ دیش میں اطالوی سماجی کارکن اور جاپانی باشندے کے قتل کے بعد دورے کو ملتوی کیا گیا تھا۔ داعش نے ان حملوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا جسے بنگلہ دیش حکومت نے دوٹوک انداز میں مسترد کردیا تھا۔

اسے قبل ستمبر کے اواخر میں آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم نے بھی سیکورٹی مسائل کے باعث دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز پر مشتمل اپنا دورہ منسوخ کیا تھا۔ آسٹریلوی ٹیم کو حکام کی جانب سے خبردار کیا گیا تھا کہ دہشت گرد مغربی مفادات کو نقصان پہنچانے کے لیے حملے کرسکتے ہیں۔تاہم زمبابوے کی کرکٹ ٹیم پیر کے روز تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے بنگلہ دیش پہنچ گئی ہے، یہ دورہ جنوری 2016 میں شیڈول تھا لیکن بنگلہ دیش نے آسٹریلیا کی جانب سے دورہ منسوخ کیے جانے کے بعد ہنگامی بنیادوں پر سیریز کے انعقاد کیلئے انتظامات کیے۔

متعلقہ عنوان :