57کروڑ کرپشن کا ملزم جنرل منیجر ،12ملین کا ڈائریکٹر تعینات،این اے کمیٹی پٹرولیم میں انکشاف،او جی ڈی سی ایل ہاؤسنگ سوسائٹی جنگل کی زمین پر بنائی گئی،ریکارڈ کو آگ لگا کر پٹواری دبئی بھاگ گیا، ڈائریکٹر ایف آئی اے،وزیر مملکت آفتاب شیخ کے کمیٹی اراکین سے تضحیک آمیز لہجے اور زبان کے خلاف وزیراعظم کو خط ارسال کردیا،چیئرمین کمیٹی

منگل 24 نومبر 2015 09:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24نومبر۔2015ء)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وزارت پٹرولیم نے 57 کروڑ روپے کرپشن کے ملزم عرفان بابر کو جنرل منیجر سٹور او جی ڈی سی ایل جبکہ12ملین کرپشن کے ملزم کو پی ایس او میں ڈائریکٹر تعینات کیا ہے،کمیٹی کے اجلاس میں ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ او جی ڈی سی ایل ہاؤسنگ سوسائٹی جنگل کی زمین پر بنائی گئی تھی اس زمین کے ریکارڈ کو آگ لگا کر پٹواری دبئی بھاگ گیا ہے۔

قائمہ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ دونوں افسران کو معطل کرکے رپورٹ فراہم کی جائے۔قائمہ کمیٹی کا اجلاس ایم این اے ایم بلال ورک کی صدارت میں ہوا۔وزارت پٹرولیم کے ڈائریکٹر جنرل کنسیشن نے بتایا کہ معاہدے کی پاسداری نہ کرنے اور مقررہ وقت میں آئل وگیس دریافت نہ کرنے پر10کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کردئیے گئے ہیں جبکہ 25 کمپنیوں کو شوکاز نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سوئی نادرن کے جنرل منیجر اعجاز نے کمیٹی اراکین سے بلا مشروط معافی مانگی اور آئندہ احکامات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔چےئرمین کمیٹی ایم بلال ورک نے کہا کہ گزشتہ اجلاس میں وزیر مملکت آفتاب شیخ نے تضحیک آمیز لہجہ اور زبان کمیٹی اراکین کے خلاف استعمال کی تھی جس پر احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے وزیراعظم کو خط ارسال کیا ہے۔

سیکرٹری پٹرولیم نے بتایا کہ پٹرولیم ہاؤس کی تعمیر857 ملین روپے سے مکمل ہوئی ہے اور 10سالوں میں اس منصوبہ کی لاگت میں دگنا اضافہ ہوا ہے۔2005ء میں اس منصوبہ کی لاگت425ملین تھی۔ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن نے بتایا کہ وزیراعظم کے گیس سکیموں کیلئے7.7ارب روپے کی منظوری دی ہے جس میں 3.38ارب روپے جاری ہوچکے ہیں 2ارب کیلئے سمری بھیج دی گئی ہے۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ او جی ڈی سی ایل ہاؤسنگ سوسائٹی میں57کروڑ کی کرپشن کی گئی ہے اس میں اہم ملزم عرفان بابر ہیں جو ضمانت پر ہیں دیگر ملزمان میں رشید جنجوعہ،سید آفتاب شاہ اور فیضان اعظم شامل ہیں تاہم وزارت پٹرولیم نے عرفان بابر کو او جی ڈی سی ایل میں جی ایم لگا رکھا ہے۔ہاؤسنگ سوسائٹی نے2418 پلاٹ دینے تھے تاہم ابھی تک219 پلاٹ دئیے گئے ہیں جبکہ یہ سکیم جنگلات کی زمین پر بنائی گئی ہے اور پٹواری زمین کا ریکارڈ لیکر دبئی بھاگ گیا تھا جہاں پر ریکارڈ بھی ضائع کردیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ12ملین کے ملزم نوید زبیری کو پی ایس او میں ڈائریکٹر لگا دیا گیا ہے۔وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ نوید عالم زبیری دھمکی آمیز ای میلز بھیجتا ہے افسران کو بلیک میل بھی کرتا ہے،ڈی جی کنسیشن سعید اللہ شاہ نے بتایا کہ معاہدے کی پاسداری نہ کرنے والی10کمپنیوں کے بلاک الاٹ منٹ منسوخ کردئیے گئے ہیں جبکہ20کمپنیوں کو شوکاز نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔اجلاس میں ملک انتخاب،اکرم درانی،نواب وسان،چوہدری طارق محمود،رشید بھٹی نے شرکت کی جبکہ وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور وزارت پٹرولیم کے اعلیٰ افسران بھی اجلاس میں شریک تھے

متعلقہ عنوان :