پاک بھارت سیریز کے سری لنکا میں انعقاد کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا، شہریار خان

منگل 24 نومبر 2015 09:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24نومبر۔2015ء) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان نے کہا ہے کہ پاک بھارت سیریز کے سری لنکا میں انعقاد کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا۔ میٹنگ کی تفصیلات جائلز کلارک ہی میڈیا کو بتائیں گے۔پاک بھارت سیریز کا حتمی فیصلہ دونوں ملکوں کی حکومتیں کریں گی، بھارتی بورڈ کے سربراہ سے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔

لاہور میں صحافیوں سے گفت گو میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت سیریز کا حتمی فیصلہ دونوں ممالک کی حکومتوں سے منظوری کے بعد کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سیریز کے حوالے سے چند دنوں میں تمام باتیں واضح ہو جائیں گی، ششانک منوہر اور میں اپنی اپنی حکومتوں سے سیریز کے حوالے سے ہدایات لیں گے، پاک بھارت سیریز کی میزبانی پاکستان کرے گا۔

(جاری ہے)

شہریار خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف سے فوری ملاقات ممکن نہیں، لیکن خط لکھ کر تمام تر تفصیلات سے آگاہ کر دیا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ اتوار کے روزدبئی میں ششانک منوہر کے ساتھ میٹنگ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین جائلز کلارک نے کرائی تھی جنہوں نے اس اہم ملاقات میں ثالثی کا کردار ادا کیا۔ اس میٹنگ کی تفصیلات میٹنگ جائلز کلارک ہی میڈیا کو بتائیں گے۔ چند دنوں میں چیزیں واضح ہو جائیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں شہریار خان نے کہا کہ سری لنکا میں سیریز کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا۔ پاک بھارت سیریز ہماری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف سے فوری ملاقات کا امکان نہیں ہے۔ جب ملاقات ہو گی تو انھیں تفصیلات سے آگاہ کروں گا۔