پورے ملک میں نادہندگان سے واجبات وصولی کی ایک ہی پالیسی ہے،عابد شیر علی،نادہندگان کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں،وزیر مملکت پانی و بجلی کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

جمعہ 4 دسمبر 2015 09:02

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2015ء)وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پورے ملک میں بجلی واجبات ادانہ کرنے والے نادہندگان سے واجبات وصولی کی ایک ہی پالیسی ہے۔نادہندگان کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔میپکوریجن میں نادہندگان کے خلاف بلاامتیازکاروائی کی جائے۔وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ڈیفالٹرز کے بجلی کنکشنز بھی فوری طورپر منقطع کئے جائیں اور ان سے واجبات وصولی کے لئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے گزشتہ دنوں میں لودھراں سب ڈویژن میں نادہندہ صارف سے واجبات کی وصولی کے لئے جانے والے اسسٹنٹ لائن مین احمد حسن مرحوم کی شہادت پر شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ بندوق اٹھانے والے صارف کے خلاف میں خودایکشن لوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریجن بھر میں خراب اور جلے ہوئے میٹرز فوری طورپر تبدیل کئے جائیں اور اسکی رپورٹ میپکو ہیڈکوارٹر اور وزارت پانی وبجلی کو بھجوائی جائے۔انہوں نے دسمبر2015ءء کے لائن لاسز اور ریکوری کے اہداف حاصل نہ کرنے والے افسران کے خلاف آئندہ ماہ کاروائی کا عندیہ بھی دیدیاہے۔وزیرمملکت نے ٹیوب ویل صارفین سے 100فیصد ریکوری پر سپریٹنڈنگ انجینئر میپکو سرکل رحیم یار خان وکیل نادر کی کارکردگی کو سراہا اور ایک بنیادی تنخواہ بونس دینے کا اعلان بھی کیا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر فضل اللہ درانی نے وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیر علی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ حکومت کی توجہ اور محنت سے بجلی کے بحران کے لئے نئے منصوبوں پر کام جاری ہے اور گزشتہ سالوں کی نسبت لوڈشیڈنگ میں کمی ہوئی ہے۔آئندہ سالوں میں بجلی بحران کا خاتمہ ہوجائیگااور عوام کولوڈشیڈنگ سے چھٹکارامل جائیگا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان وزیر پانی وبجلی کی مانیٹرنگ اور ایکشن لینے سے پاورسیکٹر کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزارت پانی وبجلی کی ہدایات کی روشنی میں شہری علاقوں میں 6گھنٹے اور دیہاتی علاقوں میں 8گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ انڈی پینڈنٹ انڈسٹریل فیڈرز اور مکس انڈسٹری پر لوڈشیڈنگ مکمل ختم کردی گئی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ اکتوبر 2015ءء میں گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں لائن لاسز کی شرح میں 2.8فیصد کمی ہوئی ہے جس سے کمپنی کو 373ملین روپے کی بچت ہوئی ہے جبکہ رواں مالی سال 2015-16ءء کے پہلے پانچ ماہ جولائی تا اکتوبر کے لاسز میں 1.4فیصد کی کمی سے کمپنی کو 996ملین روپے کا فائدہ ہواہے ۔

انہوں نے بتایاکہ میپکو ریجن میں فیڈرز پر نقصانات کم کرنے کے لئے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں۔ رواں مالی سال 2015-16ءء میں 30ہزار684بجلی چوروں کو مجموعی طورپر 23کروڑ52 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیاہے اور 1725صارفین کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لئے درخواستیں دی ہیں جن میں صرف 37پر مقدمات کا اندراج ہواہے ۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2015ءء میں پرائیویٹ صارفین سے 12ارب 46کروڑروپے وصولیوں کے ساتھ ریکوری کی شرح 109فیصد رہی جبکہ رواں ماہ بھی اہداف حاصل کرلئے جائیں گے ۔

جنرل منیجر (آر اینڈ سی او) پیپکو محمد سلیم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میپکو ریجن کے زیر انتظام 9سرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئرز کو دسمبر 2015ءء میں لائن لاسزمیں کمی، ریکوری کی 100فیصد شرح، ہینڈ ہیلڈ یونٹ (ایچ ایچ یو ) کے ذریعے میٹر ریڈنگ،مستقل نادہندگان سے واجبات وصول کرنے کے لئے اہداف دے دئیے گئے ہیں اس ماہ اہداف حاصل نہ کرنے والے افسران کے خلاف ایکشن ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ وزارت پانی وبجلی ملک بھر کی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی سب ڈویژنوں کی سطح تک کارکردگی روزانہ کی بنیادپر مانیٹر کررہی ہے۔افسران ہرصورت کارکردگی بہتر بنائیں اور مقررکردہ اہداف کے حصول کے لئے محنت کریں ۔اجلاس میں جنرل منیجر کمرشل پیپکومحمد انصر ، سی ای او پی آئی ٹی سی توقیر حسن بخاری ،جنرل منیجر آپریشن میپکو محمد ارشد چوہدری ، ڈائریکٹر ایچ آر اینڈ ایڈمن محمد نعیم اللہ، چیف انجینئرز محمد اکرم چوہدری، راؤ ضیاء الرحمن،محمد اسلم طاہر، ملک سعید وینس، سرفرازاحمد ہراج، منیجر ٹرانسپورٹ اینڈ سیکیورٹی میجر (ر) فرخ جاوید گھمن، پراجیکٹ ڈائریکٹر جی ایس سی شاہد اقبال چوہدری، ایڈیشنل ڈی جی میاں ندیم احمد ، میپکو ریجن کے تمام سپریٹنڈنگ انجینئرز،ایگزیکٹو انجینئرز، ڈپٹی کمرشل منیجرز، ڈپٹی منیجرز ٹیکنیکل اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :