لاہور،شہر میں نیٹ میٹرنگ پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا

نیپرا نے سولر پینلز کی مدد سے بجلی بنا کر لیسکو کو فروخت کرنے کے لئے 15 صارفین کو لائسنس جاری کر دیئے

ہفتہ 28 جنوری 2017 12:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28جنوری۔2017ء)شہر میں نیٹ میٹرنگ پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا، نیپرا نے سولر پینلز کی مدد سے بجلی بنا کر لیسکو کو فروخت کرنے کے لئے 15 صارفین کو لائسنس جاری کر دیئے، وزیر اعلیٰ ہاؤس، سابق لیسکو چیف راؤ ضمیرالدین اور بیکن ہاؤس کینال سائیڈ کیمپس سمیت 35 صارفین نے لائسنس کے حصول کے لئے درخواستیں جمع کرا دیں۔

شہر میں نیٹ میٹرنگ پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، نیٹ میٹرنگ کے تحت صارفین بجلی بنا کر کمپنی کو بیچ سکیں گے، نیپرا نے سولر پینلز سے بجلی بنانے کے لئے لیسکو صارفین کو لائسنس جاری کر دیئے ہیں، صارفین اضافی سولر بجلی بنا کر کمپنی کو بیچ بھی سکیں گے اور بجلی بنانے والے صارفین کو کمپنی بلوں کی مد میں ادائیگی کرے گی۔

(جاری ہے)

دستاویزات کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاؤس سمیت 35 صارفین نے لائسنس کے حصول کے لئے درخواستیں جمع کرائی ہیں، وزیر اعلیٰ ہاؤس نے 3 کلو واٹ بجلی کی پیداوار کرنے کی درخواست دی ہے جبکہ نشاط گروپ آف انڈسٹریز نے سب سے زیادہ 450 کلو واٹ کا لائسنس لینے کی درخواست دی، سابق لیسکو چیف راؤ ضمیرالدین نے بھی لائسنس لینے کی درخواست دی تھی۔

نیپرا نے راؤ ضمیرالدین کو 5 کلو واٹ بجلی بنانے کا لائسنس جاری کر دیا ہے، اسی طرح بیکن ہاؤس کینال سائیڈ کیمپس نے 10 کلو واٹ بجلی بنانے کی درخواست دی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ سکائی پاور اور لیسکو ہیڈ کوارٹرز میں پینلز کی تنصیب کر کے بجلی بنانے کا عمل شروع ہو گیا ہے، دونوں مقامات پر پائلٹ پراجیکٹ کی بنیاد پر سولر بجلی بنانے کا آغاز کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :