اقتصادی راہداری منصوبہ کے بعد پاکستان میں چینی زبان اہمیت اختیارکرگئی

چینی کمپنیاں زبان پر عبور رکھنے والے پاکستانیوں کو قابل ذکر تنخواہیں ادا کر رہی ہیں،پاکستان میں جلد چینی ٹی وی چینلز کو بھی نشر کیاجائے گا،برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ گوادر اور کوئٹہ میںچینی زبان کو سکھانے کیلئے 2مراکز قائم کیے جارہے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان پاکستان کی 28جامعات میں چینی زبان کے کورسز کروائے جارہے ہیں،وزیرمملکت برائے تعلیم

پیر 6 فروری 2017 20:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7فروری۔2017ء)پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت متعدد چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے ساتھ ملک بھرمیں چینی زبان سیکھنے کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے تحت پاکستان میں 57ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے،جو کہ جنوبی ایشیاء سمیت دنیا بھر میں کاروبار کیلئے نئی شاہرائے ریشم کے نام سے بھی جانی جاتی ہے،متعدد چینی کمپنیاں پاکستان کے سیمنٹ،اسٹیل،توانائی اور ٹیسکٹائل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں،مذکورہ کمپنیوں کو پاکستان میں کاروباری معاہدوں کیلئے چینی زبان پر عبور رکھنے والے پاکستانیوں کی اشد ضرورت ہے،جس کے باعث پاکستان کے مختلف تعلیمی و نجی اداروںکی جانب سے چینی زبان کے قلیل المدتی اور طویل المدتی پروگرامز کا انعقاد کیا جارہا ہے،چینی زبان پر عبور رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو تنخواہوں کی مد میں غیر معمولی رقم چینی کمپنیوں کی جانب سے دی جارہی ہے،حالیہ سالوںمیں چین نے پاکستان میں چینی زبان کے فروغ کیلئے بھی سرمایہ کاری کی ہے،چین نے 2013میں پاکستانی حکام کے ساتھ ایک معاہدے میں آئندہ سالوں میں ایک ہزار چینی اساتذہ تیار کرنے کا معاہدہ کیا تھا جبکہ پاکستان میں چینی ٹی وی چینلز کے نشر کیے جانے کے حوالے سے بھی مذاکرات جاری ہیں جن کے ذریعے چینی زبان کو پاکستان میں مزید فروغ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے ایک انٹرویو میں کہا کہ گوادر اور کوئٹہ میں چینی زبان کو سکھانے کیلئے دو خصوصی مراکز قائم کیے جارہے ہیں،صوبے کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ وہ چینی زبان پر عبور حاصل کرتے ہوئے سی پیک کے تحت روزگار کے مواقع حاصل کرسکیں۔یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ صوبے کے نوجوانوں کو چینی سفارتخانے کے تعاون سے وظائف پر چینی زبان سیکھنے کیلئے چین بھیجا جائے گا ،صوبے کے عوام سی پیک کی بھرپور حمایت کرتے ہیں جو کہ نوجوانوں کیلئے ملازمت کے نئے مواقع فراہم کررہا ہے،سی پیک کی مدد سے صوبے میںاحساس محرومی ختم کرنے میں بھی مدد ملی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے گوادر کی تعمیر وترقی میں خصوصی دلچسپی لینے پر چینی سفیر سن وی ڈونگ کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے چینی حکومت کی جانب سے صوبے میں تعمیر وترقی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا بھی خیر مقدم کیا،سی پیک نے لوگوںکے معیاری زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے،سی پیک کے تحت مساوی فوائد حاصل کرنے کیلئے چینی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ طور پر کام کیا جارہا ہے۔

حالیہ دنوں میں کنٹونمنٹ بورڈ پبلک سکولز کی جانب سے بھی چینی زبان پر عبور رکھنے والے اساتذہ کر بھرتی کرنے کیلئے ایک اشتہار جاری کیاتھا،کنٹونمنٹ بورڈز سکولز میں بھی بچوںکو چینی زبان کی تعلیم دینے کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے۔حکومت پنجاب کے تحت ٹیوٹاکے اداروںمیں بھی صوبے بھر میں بلامعاوضہ چینی زبان کے کورسز کروائے جارہے ہیں،جس میں طلباء کی بڑی تعداد اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے زبان پر عبور حاصل کرنے میں مصروف ہے۔گذشتہ مہینے وزیرمملکت برائے تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت محمد بلیغ الرحمان نے بھی ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ملک بھر کی 28جامعات میں چینی زبان کے کورسز شروع کروائے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :