کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک، 4 گرفتار

پیر 6 مارچ 2017 23:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مارچ ء)کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے کورنگی میں کارروائی کے دوران لشکر جھنگوی کا ایک دہشت گرد ہلاک اور 4 کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کرلیا ہے۔ کراچی میں کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر اتوار اور پیر کی درمیانی شب کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن کے ایک گھر پر چھاپہ مارا، اہلکاروں کو دیکھ کر گھر میں موجود دہشت گردوں نے فائرنگ کردی،جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا، جبکہ 4 کو گرفتار کرلیا گیا،ایس ایس پی عمر شاہد نے میڈیا کو بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے 500 کلو سے زائد بارود ، خودکش جیکٹس اور راکٹ لانچر برآمد ہوئے ہیں۔

ہلاک اور گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی العالمی کینعیم بخاری گروپ سے ہے، ہلاک دہشت گرد کی شناخت دلدار عرف چاچا کے نام سے ہوئی ہے جب کہ گرفتار دہشت گردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ کے انچارج راجا عمر خطاب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد دلدارعرف چاچا ایک اور دہشت گرد اسحاق عرف بوبی کا چچا ہے، دلدار کالعدم تنظیم کینعیم بخاری کی سلیپر سیل کا امیر تھا، دلدار نے ہی شہید ایس ایس پی چوہدری اسلم کے گھر پر حملے کے لیے خودکش بمبار کی گاڑی تیار کی تھی۔

اس کے علاوہ وہ پاک بحریہ کے اہلکاروں کی بس پر حملے سمیت دہشتگردی کی دیگر وارداتوں میں بھی ملوث تھا،دوسری جانب آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ نے کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کو مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :