ایفی ڈرین کیس ،موسی گیلانی سمیت 11 ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے خلاف درخواست دائر

بدھ 3 مئی 2017 23:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات مئی ء) ایفی ڈرین کیس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے سمیت 11 ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے ۔بدھ کو انسداد منشیات کی عدالت کے فیصلے کے خلاف انصر فاروق نے اسلام آ باد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ انسداد منشیات کورٹ کا 21اپریل 20017ء کوموسی گیلانی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنا غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔

(جاری ہے)

ڈرگ ایکٹ کے تحت لگائے گئے الزامات بے بنیادہیں۔سیکرٹری وزارت نارکوٹکس کنٹرول اور تفتیشی آفیسر اینٹی نارکوٹکس فورس نے ضابطہ اخلاق اور قانون کے خلاف عمل کیا۔قانونی اور آئینی مسئلے پر اسلام آباد ہائی کورٹ انصاف فراہم کرے ۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ درخواست کی سماعت کے لیے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ تشکیل دے دیا ہے جو کہ (آج )جمعرات سے کیس کی سماعت کرے گا ۔انسداد منشیات عدالت نے موسی گیلانی اور مخدوم شہاب الدین سمیت 11 افراد کی خلاف فرد جرم عائد کی تھی۔