برطانیہ میں عام انتخابات سے قبل پارلیمنٹ تحلیل کردی گئی، الیکشن 8 جون کو ہونگے

عام انتخابات کے بعد ہی برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی پر مزید مذاکرات ہوں گے

بدھ 3 مئی 2017 19:02

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات مئی ء)برطانیہ میں عام انتخابات سے قبل پارلیمنٹ تحلیل کردی گئی،عام انتخابات کے بعد ہی برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی پر مزید مذاکرات ہوں گے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں 8 جون کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل پارلیمنٹ تحلیل کردی گئی ہے جبکہ پارلیمانی ارکان نے گزشتہ ہفتے سے ہی اپنے دفاتر خالی کردیئے تھے۔

عام انتخابات کے بعد ہی برطانیہ کے یورپی یونین سے علیحدہ ہونی(بریگزٹ)کے معاملے پر مزید مذاکرات ہوں گے۔ برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے گزشتہ ماہ اپنی سیاسی پوزیشن مضبوط کرنے کیلیے جون میں عام انتخابات کروانے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ حالیہ ایگزٹ پولز کے مطابق تھریسا مے کی کنزرویٹیو پارٹی کو حزبِ اختلاف کی لیبر پارٹی پر واضح برتری حاصل ہے۔

(جاری ہے)

برطانیہ میں قانون کے مطابق عام انتخابات سے پچیس دن قبل پارلیمنٹ تحلیل کردی جاتی ہیاور باقاعدہ طور پرانتخابی مہم کا آغاز ہوجاتا ہے۔ وزرا عبوری حیثیت میں اپنی اپنی وزارتوں کے ذمہ دار رہتے ہیں اور انتخابی نتائج آنے تک اپنے قانونی امور سرانجام دیتے رہتے ہیں جبکہ انتخابی عمل پورا ہوجانے کے بعد نئی کابینہ تشکیل دی جاتی ہے۔بریگزٹ پر مذاکرات کیلیے یورپی یونین کی جانب سے مرکزی عہدیدار مچل بارنیئر کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے مذاکراتی ایجنڈے کو حتمی شکل دے دی ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ معاملہ اکتوبر 2018 تک خوش اسلوبی سے طے پا جائے گا۔