افغانستان : کابل میں نیٹو قافلے کے قریب خود کش دھماکہ، 8 افراد ہلاک،25زخمی

حملہ امریکی سفارت خانے کے قریب کیا گیا،متعدد گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا

بدھ 3 مئی 2017 14:00

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات مئی ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں نیٹو افواج کے قافلے پر خود کش دھماکے کے نتیجے میں8افراد ہلاک جبکہ 25 زخمی ہوگئے، یہ حملہ امریکی سفارت خانے کے قریب ہوا ،دھماکے سے متعدد گاڑیاں کے شیشے ٹوٹ گئے ،حملہ آور کا ہدف سکیورٹی فورسز کی گاڑی تھی ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان حکام کا کہنا ہے کہ 'نیٹو افواج کی بکتر بند گاڑی کے قریب صبح کے وقت دھماکا کیا گیا۔

دار الحکومت میں موجود محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اس حملے میں 8 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 25 افراد زخمی ہیں۔تاہم فی الوقت یہ نہیں کہا جا سکتا کہ بکتر بند گاڑی میں موجود کتنے اہلکار اس حملے کے نتیجے میں زخمی ہوئے۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکا خودکش تھا جس کے نتیجے میں قریب کھڑی عام شہریوں کی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا اور ایسا لگتا تھا کہ حملہ آور کا ہدف سکیورٹی فورسز کی گاڑی تھی ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب حال ہی میں افغان طالبان نے افغانستان کی افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف آپریشن منصوری کے نام سے کارروائیوں کے آغاز کا اعلان کیا۔طالبان نے اس آپریشن کا نام مئی 2016 میں ایک امریکی ڈرون حملے میں مارے جانے والے طالبان کمانڈر کے نام سے منسوب کیا تھا۔