سوئی سدرن گیس کمپنی کی صارفین دشمنی، جون کی زیادہ ریکوری دکھانے کے کیلئے جولائی کی ریڈنگ پیشگی شامل کر کے بھاری بل بھیج دیئے

جمعرات 27 جولائی 2017 22:33

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ جولائی ء) سوئی سدرن گیس کمپنی کی صارفین دشمنی، جون کی زیادہ ریکوری دکھانے کے کیلئے جولائی کی ریڈنگ پیشگی شامل کر کے بھاری بل بھیج دیئے ،4 گنا زیادہ بلنگ پر لاکھوں صارفین سخت پریشان ہیں۔

(جاری ہے)

سوئی سدرن گیس کمپنی نے بھی حیسکو کی پیروی شروع کر دی ہے اور میٹر ریڈنگ سے زائد بلنگ شروع کر دی، اگرچہ پہلے ایک حد تک زائد ریڈنگ کے بل جاری کئے جا رہے تھے مگر مالی کے اختتامی مہینے جون کے بلوں کے بارے میں صارفین نے شکایت کی ہے کہ زیادہ ریکوری دکھانے کے لئے غیرمعمولی ریڈنگ کے بل جاری کئے گئے ہیں جو 2 مہینے کی ریڈنگ سے بھی زیادہ ہیں اور ٹیکس وغیرہ شامل کر کے ان کی رقم تین چار گنا زیادہ ہو گئی ہے، ایک صارف نے بتایا کہ سردیوں میں ریکارڈ کے مطابق ان کا گھر کا گیس کا بل 400 روپے ماہانہ سے کم آ رہا تھا اور مئی کا بل270 روپے تھا مگر جون کا بل 1070 روپے جاری کیا گیا ہے ،اس نے بتایا کہ اس بل میں بظاہر4 جولاء تک کی ریڈنگ شمار کی گئی ہے جوکہ 1977 ہے، صارف کے مطابق 27 جولاء جو کہ بل جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے اس روز میٹر کی جو ریڈنگ نوٹ کی گئی ہے وہ 1981 ہے، اس سے واضع ہوتا ہے کہ ایک ماہ کی ریڈنگ کا بل ایڈوانس شامل کر دیا گیا ہے، چونکہ دو ماہ کی ریڈنگ کے برابر گیس کا استعمال بل میں ظاہر کیا گیا ہے اس لئے جون کے بل میں ٹیکسوں میں بھی نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، اس طرح سوء سدرن گیس کمپنی نے جون کے گیس بلوں کے ساتھ دانستہ صارفین پر غیرمعمولی مالی بوجھ ڈال دیا ہے، صارفین نے اس پر سخت احتجاج کیا ہے اور کہا ہے کہ سوء سدرن گیس کمپنی اور وفاقی حکومت نے بلیک میلنگ کا شکار ہو کر سندھ حکومت اور اومنی گروپ کے نوری آباد میں نصب کئے گئے پاور پلانٹ کو گیس کی فراہمی میں جو ایک ارب روپے کی رعایت دی ہے اب اس کا خمیازہ صارفین کو بھگتنا پڑ رہا ہے اور بالواسطہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں کمپنی نے جون کے بلوں کے ساتھ غیرمعمولی وصولی شروع کر رکھی ہے جس سے کمپنی کی اچھی ساکھ کو شدید دھچکا لگا ہے۔

متعلقہ عنوان :