سعودی عرب میں حجاج و معتمرین کی خراب گاڑی کے لیے مفت سہولت فراہم

سعودی شہری رضاکارانہ طورپر حجاج اور معتمرین کی خراب ہونے والی گاڑیوں کی مفت میں مرمت کرتے ہیں

جمعرات 27 جولائی 2017 13:10

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ جولائی ء)سعودی عرب میں حج اور عمرہ کے موسم آتے ہی مقامی شہریوں میں عازمین کی خدمت کا جذبہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ سعودی حکومت اور عوام دونوں حجاج کرام کی خدمت کو اپنے لیے باعث فخر سمجھتے ہیں۔ عوام الناس کی طرف سے حجاج کرام کی خدمت کی ایک تازہ مثال راستے میں خراب ہونے والی گاڑیوں کی مرمت کی صورت میں سامنے آئی ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق سعودی شہری رضاکارانہ طورپر حجاج اور معتمرین کی خراب ہونے والی گاڑیوں کی مفت میں مرمت کرتے ہیں۔راستے میں کسی کی گاڑی اچانک خراب ہوگئی ہے تو پریشانی والی کوئی بات نہیں۔ 0553000192 فون نمبر ڈائل کریں، اپنی جگہ اور گاڑی میں پیدا ہونے والی خرابی کے بارے میں اس نمبر پر اطلاع دیں۔

(جاری ہے)

کچھ ہی دیر میں ایک رضار کاریگر موجود ہوگا جو آپ کی گاڑی کی مرمت میں آپ کی مفت مدد کرے گا۔

سعودی عرب کے ایک ریٹائرڈ معلم 60 سالہ خالد الغامدی نے بتایا کہ وہ مکہ معظمہ اور جدہ کے درمیان اپنی گاڑی پر جا رہے تھے کہ اچانک ان کی گاڑی میں کوئی فنی خرابی پیدا ہوگئی۔ انہوں نے مذکورہ فون نمبر پرمسئلہ اور اپنی جگہ بتائی۔ کچھ دیر بعد ایک ماہر کاریگر ان کے پاس آیا اور اس نے گاڑی میں پیدا ہونے والی خرابی ٹھیک کردی۔حجاج ومعتمرین کو رضاکارانہ طور پر خدمات فراہم کرنے والے گروپ کے چیئرمین ظالفر العاطف نے عرب ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے رضاکار روزانہ کی بنیاد پر سعودی عرب کے تمام شہروں میں حجاج ومعتمرین کو گاڑیوں کی خرابی پر مفت مرمت کی سہولت مہیا کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ آٹھ ماہ کے دوران رضاکاروں نے 8400 عازمین عمرہ کی راستے میں خراب ہونے والی گاڑیوں کی مرمت میں ان کی مدد کی۔ العاطف کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ گاڑیوں کی فنی خرابی دور کرنے کے ماہر 600 کاری گر کام کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :