شامی شہر ررقہ میں 50 ہزار شہری پھنسے ہوئے ہیں، اقوام متحدہ

حملوں میں درجنوں شہری مارے گئے ، 30 ہزار سے زیادہ لوگ جانیں بچاکر شہر سے بھاگے،ارسلا مولر کی گفتگو

جمعہ 28 جولائی 2017 12:48

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ جولائی ء)اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کی امداد سے متعلق شعبے کی سربراہ ارسلا مولر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا ہے کہ صورت حال بہت خطرناک اور مخدوش ہے، اس وقت شام کے شہر رقہ میں، جسے داعش نے اپنا خود ساختہ دارالخلافہ بنا رکھا ہے، عسکریت پسندوں اور مقامی فورسز کے درمیان جاری شدید لڑائیوں میں 20 سے 50 ہزار عام شہری پھنسے ہوئے ہیں۔

مقامی فورسز کو امریکی سرپرستی حاصل ہے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کی امداد سے متعلق شعبے کی سربراہ ارسلا مولر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا کہ صورت حال بہت خطرناک اور مخدوش ہے اور ان لوگوں کے پاس وہاں سے نکلنے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ملر کا کہنا تھا کہ شدید لڑائیوں اور فضائی حملوں کی زد میں آکر درجنوں شہری مارے گئے اور 30 ہزار سے زیادہ لوگوں کو اپنی جانیں بچانے کے لیے شہر چھوڑنا پڑا ۔

شام کی حکومت مخالف قوت سیرین ڈیموکریٹک فورسز نے ، جس میں کرد، عرب اور مسیحی جنگجو شامل ہیں، امریکی سرپرستی میں رقہ کو آزاد کرانے کی کارروائی 6 جون کو شروع کی تھی۔ انہیں امریکی قیادت کے اتحاد کی جانب سے فضائی مدد حاصل تھی۔شام میں انسانی ہمددردی کی صورت حال پر اپنی ماہانہ رپورٹ میں اقوام متحدہ نے کہا کہ شہر کے اندر کی صورت حال بہت مخدوش ہے ۔ شہری فضائی حملوں اور زمینی گولہ بارے سے مارے جا رہے ہیں۔ خوراک اور ادویات کی قلت ہے اور دکانیں اور تندور بدستور بند ہیں ۔