پاکستان ریلویز کی بحالی کا کریڈٹ 2013 کے انتخابات میں محمد نواز شریف کوووٹ دینے والوں کو جاتا ہے، خواجہ سعد رفیق

پیر 22 جنوری 2018 23:30

اوکاڑہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 22 جنوری 2018ء) پاکستان ریلویز کی بحالی کا کریڈٹ ان ووٹرز کوجاتا ہے جنھوں نے 2013 کے انتخابات میں محمد نواز شریف کوووٹ دیئے جسکی بدولت ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ آخری دموں پر ہے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پہرپاکستان کے پہلے اوکاڑہ ماڈل ریلوے اسٹیشن کی 28 کروڑ روپے سے تعمیر ہونے والی خوبصورت عمارت کی افتتاحی تقریب میں ہزاروں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

افتتاحی تقریب میںڈی ایس لاہور سفیان ڈوگر، نیسپاک کے افسران، ایم این ایز ریاض الحق جج، ندیم عباس ربیرہ، رائو اجمل خان،پارلیمانی سیکریٹری ریلوے سید عاشق حسین کرمانی،میاں محمد منیر ایم پی اے، چیئرمیں ضلع کونسل ملک علی قادر، وائس چیئرمین رائو سعد اجمل، چیئر مین بلدیہ چوہدری محمد اظہر،وائس چیئرمین شیخ لیاقت بھولا، صدرانجمن تاجران سلیم صادق،چوہدری محمد اسلم اسٹیشن ماسٹر، ایس ٹی ای محمد سیف سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اگر قوم نواز شریف کو ووٹ نہ دیتی تو ریلوے کی ترقی تو درکنار ملک بحرانوں میں گھرا رہتا۔ قوم نے مسلم لیگ ن کو ووٹ دیکر زرداری کی حکومت کو چلتاکیا۔ ریلوے اپنے پہیوں پر چل پڑا۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن تنقید کرے مگر ذاتی حملے نہ کرے۔سیاست میں شرافت کے معیار کو برقرار کھیں ۔ انھوں نے کہا کہ بھٹو کو پھانسی ہوئی مگر بھلا ہو زرداری کا جس نے بھٹو کا نام ختم کرنے میں اہم رول ادا کیا۔