وفاقی وزیر داخلہ نے قبل ازوقت انتخابات کا آ پشن مسترد کر دیا

ْعمران خان اور شیخ رشید نے جس پارلیمنٹ سے تنخواہیں لیں اسی کو گا لیا ں نکا لیں،نیب عدالت سے عین الیکشن کے قریب میاں نوازشریف کے خلاف فیصلے دلوائے جائیں گے تاکہ مسلم لیگ (ن) کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جائے، احسن اقبال

پیر 22 جنوری 2018 23:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 22 جنوری 2018ء)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ قبل ازوقت انتخابات کا کوئی آپشن ہمارے پاس موجود نہیں ہے کیونکہ الیکشن کمیشن کو نئی حلقہ بندیوں کے مطابق الیکشن عمل پر کام مکمل کرنے میں ابھی چار پانچ ماہ مزید لگیں گے،نیب عدالت سے عین الیکشن کے قریب میاں نوازشریف کے خلاف فیصلے دلوائے جائیں گے تاکہ مسلم لیگ (ن) کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جائے ،عمران خان اور شیخ رشید نے پارلیمنٹ سے پوری تنخواہیں اور مراعات وصول کی ہیں اور اب پارلیمنٹ کو ہی گالیاں دے رہے ہیں ،یہ تاریخ کا بہت بڑا مذاق ہے کہ عمران خان صادق و امین ، آصف زرداری فرشتہ اور نواز شریف ملزم ہیں اس سے زیادہ مجھے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں قوم سب جانتی ہے ۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک وہ وقت تھا جب اس ملک میں روزانہ کروڑوں اربوں کی کرپشن کیسز سامنے آتے تھے آج یہ وقت ہے کہ یہاں کروڑوں ،اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح ہو رہے ہیں ، یہی تبدیلی اس ملک میں ہم لے کر آئے ہیں ۔ احسن اقبال نے کہا کہ لگتا یہ ہے کہ نیب عدالت سے عین الیکشن کے قریب جا کے میاں نوازشریف کے خلاف فیصلے دلوائے جائیں گے تاکہ مسلم لیگ (ن) کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جائے اور ہماری الیکشن کمپین پر اثرانداز ہوا جائے مگر اب لوگ یہ بات جان چکے ہیں کہ ان کیسز کی کوئی حقیقت نہیں ہے ، ان سے انتقام کی بو آرہی ہے ، پانامہ کیس کے اقامہ پر اثر ہوتے فیصلے سے تمام کیسز کی حقیقت لوگوں پو آشکار ہوچکی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قبل ازوقت انتخابات کا کوئی آپشن ہمارے پاس موجود نہیں ہے کیونکہ الیکشن کمیشن کو نئی حلقہ بندیوں کے مطابق الیکشن عمل پر کام مکمل کرنے میں ابھی چار پانچ ماہ مزید لگیں گے ۔ احسن اقبال نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی آئندہ انتخابات کے لئے کوئی تیاری نہیں ہے اس لئے یہ لوگ چاہتے ہیں کہ کسی طرح انتخابات تاخیر کا شکار ہو جائیں ۔

انہوں نے گزشتہ ساڑھے چار سال میں انہوں نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جس کی بنیاد پر عوام سے ووٹ مانگ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف عدلیہ کی طرف سے بغض بھرے ریمارکس دیئے گئے جس کی تاریخ میں کو ئی مثال نہیں ملتی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور شیخ رشید نے پارلیمنٹ سے پوری تنخواہیں اور مراعات وصول کی ہیں اور اب پارلیمنٹ کو ہی گالیاں دے رہے ہیں ۔ تاریخ کا بہت بڑا مذاق ہے کہ عمران خان صادق اور امین ہے ۔ آصف زرداری فرشتہ ہے اور نواز شریف ملزم ہیں ۔ اس سے زیادہ مجھے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں قوم سب جانتی ہے ۔ سب ادارے اپنا اپنا کام کریں تو پاکستان خود ہی ترقی کے راستے پر گامزن ہو جائے گا ۔