سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیمرا کو فوری جواب جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت چار جون تک ملتوی کردی

بدھ 9 مئی 2018 21:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 9 مئی 2018ء)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کیس میں پیمرا کو فوری جواب جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 4جون تک کیلئے ملتوی کر دی، گزشتہ روز مخدوم نیاز انقلابی کی جانب سے دائر درخواست پر جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل رکنی بینچ نے سماعت کی، جب سماعت شروع ہوئے درخواست گزار نے دلائل دیتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ سابق وزیراعظم آئین کے آرٹیکل 63ون جی کے تحت نااہل کیا جائے، سابق وزیراعظم نے ججز کی کردار کشی کو اپنا وطیرہ بنایا ہوا ہے، نواز شریف عوامی مجالس میں دھمکی آمیز تقاریر مسلسل کر رہے ہیں، نواز شریف کہتے ہیں کہ عمران خان کی زبان چیف جسٹس بول رہے ہیں، بعدازاں عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے نواز شریف کی تقاریر سے متعلق حکم نامہ اور تحریری جواب فوری طور پر پیمرا حکام کو جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت 4جون تک کیلئے ملتوی کر دی۔

۔