کھوکھلے نعروں اور جھوٹے دعوئوں سے نہ ملک ترقی کرتا ہے اور نہ کوئی مثبت تبدیلی آسکتی ہے ،ْبلاول بھٹو زر داری

ملک اس وقت ترقی کرے گا جب مزدور اور کسان معاشی طور پر اپنے پائوں پر کھڑے ہوں گے ،ْوفود سے بات چیت

پیر 21 مئی 2018 23:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 21 مئی 2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کھوکھلے نعروں اور جھوٹے دعوئوں سے نہ ملک ترقی کرتا ہے اور نہ کوئی مثبت تبدیلی آسکتی ہے ،ْملک اس وقت ترقی کرے گا جب مزدور اور کسان معاشی طور پر اپنے پائوں پر کھڑے ہوں گے۔ پیر کے روز زرداری ہائوس اسلام آباد میں مختلف وفود جن میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی حا ل ہی میں پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے رئیس نبیل نے ملاقات کرکے سابق وزیراعظم نے پارٹی چیئرمین کو جنوبی پنجاب کی سیاسی صورتحال اور آئند انتخابات کے لئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا جبکہ پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کے صوبائی عہدیداروں جن میں صدر ہمایوں خان جنرل سیکریٹری فیصل کریم کنڈی، سیکریٹری اطلاعات سینیٹر روبینہ خالد، سینیٹر بہرہ مند خان تنگی، اخوانزادہ چٹان نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرنز کے سیکریٹری جنرل سینیٹر فرحت اللہ بابر، پارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری، پولیٹیکل سیکریٹری جمیل احمد سومراور پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر بھی موجود تھے۔ پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ اور سینیٹر قراة العین نے ملاقات کی۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی عہدیداروں اور رہنمائوں کو ہدایت کی کہ وہ سیاسی عمل میں پارٹی کے دیرینہ کارکنوں کو اپنے ساتھ رکھیں کیونکہ یہ کارکن محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی طاقت تھے اور میری بھی طاقت ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جو شخص خیبرپختونخوا میں ایک شاہراہ، یونیورسٹی اور کالج تعمیر نہیں کر سکتے وہ باقی ملک کا کیا حشر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پختونوں کو پاکستان پیپلزپارٹی نے شناخت دی اور پارٹی ہی پختونوں کو حقوق دلا کر صوبہ اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے۔