محمد رضوان آسٹریلیا میں سب سے زیادہ اوسط کیساتھ رنز بنانے والے وکٹ کیپر بلے باز بن گئے

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز نے آسٹریلیا کے محض 2 دوروں میں ہی شاندار اعزاز اپنے نام کر لیا

muhammad ali محمد علی بدھ 3 جنوری 2024 23:56

محمد رضوان آسٹریلیا میں سب سے زیادہ اوسط کیساتھ رنز بنانے والے وکٹ کیپر بلے باز بن گئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 جنوری 2024ء ) محمد رضوان آسٹریلیا میں سب سے زیادہ اوسط کیساتھ رنز بنانے والے وکٹ کیپر بلے باز بن گئے، قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز نے آسٹریلیا کے محض 2 دوروں میں ہی شاندار اعزاز اپنے نام کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت ناصرف سابق کپتان سرفراز احمد کو پیچھے چھوڑ دیا، بلکہ کینگروز کے دیس میں سب سے زیادہ اوسط کے ساتھ رنز بنانے والے پاکستانی بلے باز بھی بن گئے۔

سڈنی ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 2 چھکوں اور 10 چوکوں سے مزین 88 رنز کی اننگز کھیل کر محمد رضوان پہلے وکٹ کیپر بن گئے ہیں جنہوں نے آسٹریلیا میں 300 سے زائد رنز اسکور کیے ہوں اور ان کی اوسط 48 سے زائد کی رہی۔

(جاری ہے)

وہ کینگروز کے دیس میں اب تک 2 نصف سنچریوں کی مدد سے 48.85 کی اوسط سے 342 رنز بناچکے ہیں۔ آج تک پاکستان کا کوئی دوسرا وکٹ کیپر بلے باز اس شاندار اوسط کے ساتھ آسٹریلیا میں رنز نہیں بنا سکا۔

فہرست میں دوسرا نمبر سابق کپتان سرفراز احمد کا ہے جنہوں نے آسٹریلین سرزمین پر 29.87 کی اوسط سے 239 رنز اسکور کیے ہیں۔ سڈنی ٹیسٹ کے دوران جہاں محمد رضوان نے اپنا ریکارڈ بہتر بنایا، وہیں پاکستانی ٹیم بھی مجموعی طور پر ایک بہترین ریکارڈ بنانے میں کامیاب رہی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا میں سڈنی ٹیسٹ کے دوران اپنی تیز ترین ٹیسٹ بیٹنگ کی۔ سڈنی ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم نے پہلی اننگ میں 77.1 اوورز میں 313 رنز بنائے اور اس کا رن ریٹ 4.05 رہا۔ پاکستان ٹیم کی پہلی بار آسٹریلیا میں بیٹنگ اوسط 4 رنز فی اوور سے زائد رہی۔ اس سے قبل 2019ء کے برسبین ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کا رن ریٹ 3.97 رہا تھا۔ واضح رہے کہ سڈنی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی اننگ 313 رنز پر تمام ہو گئی تھی۔

سڈنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں