کویت میں طلاق کی شرح میں اضافہ ہو گیا

گزشتہ سال 4840جوڑوں نے علیحدگی اختیار کر لی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 9 جنوری 2019 12:02

کویت میں طلاق کی شرح میں اضافہ ہو گیا
کویت(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 جنوری 2019ء) کویتی وزارت انصاف کے زیر انتظام شماریاتی ادارے نے اپنی سالانہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ مملکت میں گزشتہ چند سالوں سے طلاق کی شرح میں ہوش رُبا اضافہ ہوا ہے۔ مادیت پسندی کے باعث لوگوں کے روحانی تعلق کمزور ہونے لگے ہیں۔ برانڈز اور قیمتی اشیاء کی خواہش نے میاں بیوی کے تعلقات میں دراڑ ڈال دی ہے۔

جس کے باعث نوجوان جوڑے شادی کے چند سالوں بعد ہی ایک دُوسرے سے اُکتاہٹ اور بیزاری کا شکار ہو جاتے ہیں اور ہمیشہ ہمیشہ کے لیے علیحدگی کو ہی مناسب خیال کرتے ہیں۔شماریاتی ادارے کے مطابق گزشتہ سال کے دوران 8459 کویتی نوجوان ہم وطن لڑکیوں سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے جبکہ 1391کویتی شہریوں نے دیگر ممالک کی لڑکیوں سے نکاح کیا، غیر مُلکی بیویوں اورکویتی مردوں کے بیچ گزشتہ سال طلاق کے 783 معاملے سامنے آئے ۔

(جاری ہے)

غیر متعین لڑکیوں سے شادی کرنے والے کویتیوں کی گنتی 357 جبکہ ایسے معاملات میں طلاق کی تعداد 142رہی۔522 کویتی لڑکیوں نے دیگر ممالک کے نوجوانوں سے شادی کو بہتر آپشن قرار دیا جبکہ ان معاملات میں طلاق کی شرح 469 ریکارڈ کی گئی۔ کویت میں غیر مُلکیوں کی آپسی شادیوں کی گنتی 2726 جبکہ ان میں طلاق کی شرح 1301 رہی۔ مجموعی طور پر کویت میں سال بھر میں طلاق کی گنتی4840 نوٹ کی گئی۔ اس طرح کویت میں اوسطاً روزانہ 23 شادیاں ہو رہی ہیں جبکہ طلاق کی یومیہ شرح 13 بنتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں