کویت میں کورونا کیسزمیں تیزی سے اضافہ ہو گیا

گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 641افراد میں کورونا کی تصدیق، مجموعی تعداد 7,208ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 9 مئی 2020 13:38

کویت میں کورونا کیسزمیں تیزی سے اضافہ ہو گیا
کویت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین -9 مئی2020ء) خلیجی ریاست کویت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 614 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے،ان نئے کیسز کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی گنتی 7,208 ہو گئی ہے۔وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر عبداللہ السند نے بتایا کہ نئے مریضوں میں سے تین برطانیہ سے واپس آئے تھے، جن کے ٹیسٹ لیے جانے پر ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی، جبکہ باقی 638 افراد مملکت میں پہلے سے کورونا کے شکار لوگوں سے میل جول اور رابطے میں رہنے کے باعث اس موذی مرض کا نشانہ بنے ہیں۔

ڈاکٹر عبداللہ السند کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 85 مریض کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئے، جن کا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انہیں گھر بھیج دیا گیا۔ مملکت میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی گنتی 2,466 ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز کورونا کے تین مریض زندگی کی بازی ہا رگئے۔ مملکت میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی گنتی 47 ہو چکی ہے۔ کویت میں اس وقت کورونا کے 70 مریض انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں زیر علاج ہیں جن میں سے 36 کی حالت تشویش ناک ہے۔

سعودی وزارت صحت کے مطابق گز شتہ چند دِنوں میں کویت میں کورونا مریضوں کی گنتی میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس کی وجہ کورونا کے ٹیسٹوں کے عمل میں تیزی لانا ہے۔ اب تک مُلک بھر میں 2 لاکھ سے زائد افرادکے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ کویت میں 24 فروری کو کورونا کے ابتدائی کیسز سامنے آئے تھے۔ یہ تین مریض تھے جو ایران سے سفر کر کے واپس آئے تھے، جن کے ملک واپسی پر لیے گئے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔

اس کے بعد کے درجنوں مریض بھی وہی تھے جو ایران سے ہی کویت لوٹے تھے۔ گذشتہ سوموار کو حکومت نے کرفیو کے دورانیے میں مزید پانچ گھنٹے کا اضافہ کردیا ہے اور جمعہ یکم رمضان سے 16 گھنٹے کے اس کرفیو پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ اس کے تحت ریستوران، کیفے ،تمام بڑے تجارتی مراکز، شاپنگ سینٹرز اور بازار بند ہیں۔اس کے علاوہ ریاست میں تمام تفریحی مقامات، کلب اور سیلون بند ہیں اور ان میں خواتین اور بچوں کا داخلہ ممنوع ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں