کویت میں ایک غیر ملکی نے 8ہزار کویتی دینار کوڑے میں پھینک دیئے

مصری تارک وطن واپس گیا تو میونسپلٹی ٹرک کوڑا دان خالی کر کے وہاں سے جا چکا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 10 نومبر 2020 14:27

کویت میں ایک غیر ملکی نے 8ہزار کویتی دینار کوڑے میں پھینک دیئے
کویت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،10 نومبر2020ء ) کویت میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک مصری شہری نے 8 ہزار کویتی دینار غلطی سے کوڑے دان میں پھینک دیئے۔ جن کی پاکستانی روپوں میں کُل مالیت 41 لاکھ 76 ہزار روپے بنتی ہے۔ بعد میں جب اسے غلطی کا اندازہ ہوا اور وہ رقم والا شاپر واپس لینے گیا تو بہت دیر ہو گئی تھی۔ جس کوڑے دان میں اس نے رقم والا شاپر کوڑا سمجھ کر پھینکا تھا، وہ خالی ہو چکا تھا۔

کویتی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ سنگین غلطی کرنے والا مصری شہری جب واپس گیا تو یہ دیکھ کر اس کے ہوش اُڑ گئے کہ وہاں پر کوڑے دان میں موجود تما م کوڑا خالی ہو گیا تھا۔ جب اس نے پتا کیا تو بتایا گیا کہ میونسپلٹی کا ٹرک آ کر تما م کوڑا لے گیا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ کویت کے علاقے الجابریہ میں پیش آیا ،جس نے مصری شہری کی عمر بھر کی جمع پونجی ضائع کر دی ہے اور وہ اس وقت شدید صدمے کی حالت میں ہے، ایک غلطی نے اسے بڑی رقم سے محروم کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس واقعے کے بعد اس نے مقامی پولیس اسٹیشن جا کررقم کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی کہ وہ غلطی سے رقم سے بھرا تھیلا سڑک کنارے موجود کوڑے دان میں پھینک چکا ہے، جب اسے اپنی غلطی کا احساس ہوا اور وہ جائے وقوعہ پر پہنچا تو اسے پتا چلا کہ میونسپلٹی کا ٹرک کوڑے دان کو خالی کر کے جا چکا تھا۔ شہری نے اپنے دعوے کے ثبوت میں پولیس اہلکاروں کو 8 ہزارکویتی دینار کے چیک کی کاپی بھی دکھائی جو اس نے ایک بینک سے کیش کروایا تھا۔

پولیس کی جانب سے مصری شہری کی گمشدہ رقم کی بازیابی کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ تاہم پولیس اس بات پر بھی تحقیق کر رہی ہے کہ مصری شخص کا دعویٰ واقعی درست ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ مصری شہری کی اس بڑی رقم کوتلا ش کرنے اور واپس دلانے کے لیے اس کی بھرپور مدد کی جائے گی۔ 

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں