کویت کے مشہور پُل پر خود کُشی کی کوشش کرنے والی خاتون کو بچا لیا گیا

کویتی خاتون جابر پُل سے چھلانگ لگانے ہی والی تھی کہ ٹریفک اہلکاروں نے اسے پکڑ کر اس کی کوشش ناکام بنا دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 30 جولائی 2021 10:09

کویت کے مشہور پُل پر خود کُشی کی کوشش کرنے والی خاتون کو بچا لیا گیا
کویت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30جولائی2021ء ) کویت میں ایک مقامی خاتون کی جانب سے خود کُشی کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ خاتون نے کویت کے سب سے بڑے پُل کے جنگلے پر چڑھ کر اپنی جان دینے کی کوشش کی تھی، تاہم اللہ کی مرضی سے کچھ ٹریفک اہلکاروں کی اس پر نظر پڑ گئی، جنہوں نے اس کی خود کشی کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا، یوں ان ٹریفک اہلکاروں کی بروقت مداخلت سے خاتون کی جان بچ گئی ہے۔

کویتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ کویت کے سب سے طویل پُل ’جابر برِج‘ پر پیش آیا جہاں پر خاتون اپنی گاڑی میں سوار ہو کر خود کُشی کے ارادے سے پہنچی تھی۔ ٹریفک اہلکاروں نے بتایا کہ وہ معمول کی پٹرولنگ پر تھے جب انہوں نے پُل کے کنارے ایک گاڑی کھڑی دیکھی، حالانکہ اس پُل پر گاڑی کھڑی کرنے کی سختی سے ممانعت ہے اور نوپارکنگ کے جگہ جگہ بورڈز بھی تعینات ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم وہاں ایک خاتون گاڑی کھڑی کیے ہوئے دکھائی دی۔ ہم اس کے قریب چلے گئے اور اسے کہا کہ وہ گاڑی ہٹا لے مگر اس نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا اور ہمارے سامنے ہی تیزی سے پُل کے جنگلے کی جانب بڑھنے لگی اور پھر اگلے چند لمحوں میں وہ جنگلہ پھلانگ کر دیوار پر چڑھ چکی تھی۔ ہمیں خطرے کا احساس ہوا ، ہمارا ایک ساتھی اہلکار فوراً اس کے پیچھے بھاگا ۔

جس لمحے یہ خاتون کودنے ہی والی تھی، اہلکار نے فوراً اسے پکڑ لیا اور اسے پُل سے نیچے کھینچ لیا۔خاتون کو واپس اس کی گاڑی میں بٹھایا گیا اور پھر متعلقہ ادارے کو رپورٹ کی گئی جس کے اہلکار خاتون کو اپنے ساتھ لے گئے اور اس سے خود کشی کی کوشش کے محرکات جاننے کے لیے تفتیش کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب کویت کے محکمہ ٹریفک کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل نے خاتون کی خود کشی کی کوشش ناکام بنانے کے بروقت اقدام پر دونو ں ٹریفک اہلکاروں فیصل بن محمد الدیحانی اور محمد عقیل خلف کو اعزازات سے نواز دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں