کویت میں زیر تعمیر نئے ایئرپورٹ کی زمین دھنس گئی، 2 مزدور جاں بحق ، ایک زخمی

افسوسناک واقعہ زیر تعمیر نئے ایئرپورٹ کے ٹرمینل 2 میں ریت کا تودہ دھنس جانے کی وجہ سے پیش آیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 9 ستمبر 2021 11:30

کویت میں زیر تعمیر نئے ایئرپورٹ کی زمین دھنس گئی، 2 مزدور جاں بحق ، ایک زخمی
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 ستمبر 2021ء ) کویت میں زیر تعمیر نئے ایئرپورٹ کی زمین دھنس گئی، افسوسناک واقعے میں 2 مزدور جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ زیر تعمیر نئے ایئرپورٹ کے ٹرمینل 2 میں ریت کا تودہ دھنس جانے کی وجہ سے پیش آیا ، زمین کے دھنسنے کی اطلاع ملتے ہی تمام متعلقہ ادارے اور فائر بریگیڈ فورس جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور انہوں نے امدادی کارروائیاں شروع کردیں تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ زمین کا کل کتنا حصہ دھنسا ہے؟ اور اس کی وجوہات کیا ہیں؟۔

کویت کی وزارت اطلاعات و نشریات نے اس حوالے سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا کہ فائر بریگیڈ کے اہلکار کویت کے نئے ایئرپورٹ پر ریت کا تودہ دھنس جانے سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کررہے ہیں جب کہ اس دوران وزیر مملکت برائے مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی رنا الفارس نے کویت کے زیرتعمیر نئے ایئرپورٹ کا دورہ کرکے نقصانات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ کویت کے نئے ہوائی اڈے کا پروجیکٹ "نیو کویت 2035” کے ترقیاتی منصوبے کی حکمت عملی کی ایک کڑی ہے جو مرحوم امیر شیخ صباح الاحمد الصباح کی زندگی میں شروع کیا گیا تھا جس کے بعد سے کویت نئے ایئرپورٹ کی تکمیل کا کام تیزی سے جاری ہے ، وزارت عامہ کے انڈر سیکرٹری انجینئر اسماعیل الفیلکاوی نے نیو ائیرپورٹ پروجیکٹ کا دورہ کیا اور کام کی تکمیل کا جائزہ لیا۔

وزارت عامہ کے انڈر سیکرٹری انجینئر اسماعیل الفیلکاوی نے وزارت خزانہ ، فتویٰ اور قانون سازی کے متعلقہ سرکاری اداروں کے نمائندوں اور سول ایوی ایشن کی جنرل انتظامیہ کے ہمراہ کویت کے نئے ہوائی اڈے کے پروجیکٹ کا معائنہ کیا اور تکمیل اور کام کا جائزہ لیا ، اس دوران متعلقہ حکام کے نمائندوں نے اسٹریٹجک منصوبے پر کام کی رفتار کو بروقت مکمل کرنے کی منظوری بھی دی۔

اس موقع الفیلکاوی نے ایک پریس بیان میں کہا کہ اس منصوبے پر کام جاری ہے اور پروجیکٹ پر کام کورونا بحران کے باوجود بھی نہیں رکا جب کہ اس منصوبے کا جائزہ لینے کے لئے متعلقہ فریقین پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس کی ذمہ داری دستاویزی کام کو کم کرنا اور اس میں ہونے والے طریقہ کار پر غور کرنا ہے نیز منصوبے کی تکمیل کے دوران رکاوٹوں اور مشکلات پر قابو پانے اور حل تلاش کرنا بھی ٹیم کی ذمہ داری میں شامل ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں