کویت میں صفائی کیلئے رکھا گیا ملازم مریضوں کا علاج کرتے پکڑا گیا

پرائیوٹ میڈیکل سینٹر سے ایک ڈاکٹر اور متعدد کارکن بغیر لائسنس کام کرنے پر گرفتار‘ ایکسپائر ادویات بھی ضبط کرلی گئیں

Sajid Ali ساجد علی بدھ 3 اگست 2022 12:58

کویت میں صفائی کیلئے رکھا گیا ملازم مریضوں کا علاج کرتے پکڑا گیا
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 اگست 2022ء ) خلیجی ملک کویت کے ایک پرائیویٹ طبی مرکز میں صفائی کا کام کرنے والے ملازم کو ڈاکٹر کی خدمات سرانجام دیتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق کویت کی وزارت صحت کی اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری برائے پرائیوٹ میڈیکل سروسز امور ڈاکٹر فاطمہ النجر نے بتایا کہ سالمیہ میں ایک نجی طبی مرکز متعدد خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا ، جس کی اطلاع ملنے پر ہیلتھ لائسنسنگ ڈپارٹمنٹ، وزارت صحت کے میڈیسن انسپکشن ڈپارٹمنٹ اور پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کے ارکان پر مشتمل کمیٹی نے کویت کے گنجان آباد علاقے سالمیہ میں کارروائی کی۔

انہوں نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران ایک صفائی کا کام کرنے والا ملازم بغیر لائسنس کے لیزر ڈیوائس چلاتے ہوئے پکڑا گیا ، جس کی وجہ سے متعلقہ پرائیوٹ میڈیکل سینٹر کو سیل کر دیا گیا اور موقع سے ایک ڈاکٹر اور کچھ کارکنوں کو بغیر لائسنس کے کام کرنے پر گرفتار کرلیا گیا اس کے علاوہ طبی مرکز سے میعاد ختم ہونے والی ادویات بھی ضبط کرلی گئیں جب کہ گرفتار کیے گئے تمام افراد کو قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن اور میڈیکل متعلقہ اتھارٹی کے پاس بھیجا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز اِن کویت کے ممبر ان نے سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر شجاع الدین کی قیادت میں سفیر پاکستان ملک محمد فاروق سے سفارت خانہ پاکستان میں ملاقات کی، میٹنگ انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی جہاں صدر ڈاکٹر شجاع الدین نے سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر سفیر پاکستان کو مبارک باد دی اور اپنے ممبران کا تعارف کروایا اور سوسائٹی کے اغراض و مقاصدسے آگاہ کیا ، نئے آنے والے ڈاکٹرز، نرسنگ سٹاف اور پیرا میڈیکل کے مسائل کے بارے میں تفصیل سے بات ہوئی۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستانی سفیر نے تمام تر گزارشات بہت توجہ سے سنی اور یقین دلایا کہ جب انکی ملاقات وزیر صحت سے ہوگی، تو وہ یہ تمام مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے، وزیر داخلہ سے ملاقات بہت اچھی رہی اور بہت جلد پاکستانیوں کے ویزہ کھل جائیں گے جب کہ پاکستانی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بھرتی کیلئے وزیر صحت سے بات کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں