اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزی‘ کویت میں سینکڑوں غیرملکی گرفتار

زیر حراست افراد کا تعلق مختلف ممالک سے ہے جنہیں قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ ادارے کی تحویل میں دے دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 9 ستمبر 2023 09:50

اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزی‘ کویت میں سینکڑوں غیرملکی گرفتار
کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 ستمبر2023ء) کویت میں اقامہ و روزگار قوانین کی خلاف ورزی پر 248 غیر قانونی تارکین کو گرفتار کر لیا گیا۔ عرب نیو نے کویتی وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ الفروانیہ، کویتی دارالحکومت، مبارک الکبیر (الاحمدی حوالی) کمشنریوں میں اقامہ اور روزگار قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 248 اور نشہ آور اشیا فروخت کرنے والے 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا، زیر حراست افراد کا تعلق مختلف ممالک سے ہے، گرفتار شدگان کو قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ ادارے کی تحویل میں دیا گیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ کویتی حکام ان دنوں مختلف کارروائیاں کررہے ہیں، اسی کے تحت غیرملکیوں کے ورک پرمٹ میں ترمیم کیلئے نئی شرائط عائد کی گئی ہیں، افرادی قوت کے لیے کویت کی پبلک اتھارٹی نے تارکین وطن کے لیے ورک پرمٹ سے متعلق نام، تاریخ پیدائش اور قومیت جیسے ذاتی ڈیٹا میں ہونے والی تبدیلیوں کے لیے نئے ضوابط متعارف کرائے ہیں، جن کے تحت ان تفصیلات کو براہ راست ورک پرمٹ پر تبدیل نہیں کیا جا سکے گا بلکہ اس کی بجائے ایسی تبدیلیوں کے خواہاں آجروں اور کفیلوں کو ایک مخصوص طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ترامیم کرنے کے لیے آجروں کو ورک پرمٹ کے اجراء کی تاریخ کے دو ہفتوں کے اندر آشال سروس کے ذریعے کارکن کے موجودہ ویزہ کی منسوخی کے لیے درخواست دینے کی ضرورت ہوگی، جس کے بعد انہیں ڈیٹا بیس میں کارکن کی معلومات کو اپ ڈیٹ کرنے اور نئے ورک پرمٹ کے لیے درخواست دینے کے لیے وزارت داخلہ کا وزٹ کرنا ہو گا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت اور وزارت داخلہ کے درمیان مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے جس کا بنیادی مقصد دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کو روکنا اور ورک پرمٹ جاری کرنے پر پابندی عائد کرنا یا پہلے سے معطل شدہ ممالک جن پر کویت نے پابندی لگا رکھی ہے وہاں سے کارکنوں کی خدمات حاصل نہ کرنا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ اتھارٹی نے ایک نئی الیکٹرانک سروس بھی شروع کی ہے جو غیر ملکی کارکنوں کے وزٹ ویزوں کی منسوخی کی اجازت دیتی ہے، اس سروس کا مقصد ویزہ منسوخی کے عمل کو ہموار کرنا اور مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے، جس کے لیے صارفین اتھارٹی کے الیکٹرانک پورٹل کے ذریعے اس سروس تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں، جہاں وہ ’ورک ویزا منسوخ کرنا‘ کے آپشن کا انتخاب کریں گے، پورٹل کے ذریعے درخواست کی مطلوبہ تفصیلات فراہم کی جاسکتی ہیں اور ڈیٹا کی توثیق کروانا بھی ممکن ہے۔

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں