بیوی کو ’بیوقوف‘ کہنے پر شادی کے صرف 3 منٹ بعد طلاق

جوڑا ابھی شوہر اور اہلیہ کی حیثیت سے عدالت سے باہر بھی نہ آیا کہ علیحدگی کا فیصلہ ہوگیا‘ اسے کویت کی تاریخ کا مختصر ترین نکاح قرار دے دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 18 ستمبر 2023 12:59

بیوی کو ’بیوقوف‘ کہنے پر شادی کے صرف 3 منٹ بعد طلاق
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 ستمبر 2023ء ) خلیجی ملک کویت میں بیوی کو بے وقوف کہنے پر شادی کے صرف 3 منٹ بعد جوڑے میں علیحدگی ہوگئی۔ اُردو نیوز نے سعودی اخبار عکاظ کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ کویت کی تاریخ کا مختصر ترین عرصہ رہنے والا نکاح اس وقت ختم ہوگیا جب قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد جوڑا عدالت سے باہر آنے کے لیے روانہ ہوا کہ اس دوران دلہن پھسل کر گرگئی، جس پر دولہا نے اسے ’غبیہ‘ یعنی بے وقوف کہہ دیا۔

دلہن کو یہ بات اتنی ناگوار گزری کہ اس نے فوری طور پر جج سے نکاح ختم کرنے کی درخواست کردی، جج نے درخواست قبول کرتے ہوئے نکاح کے صرف تین منٹ بعد ہی جوڑے کے فسخ نکاح کی دستاویز جاری کردی، یوں نکاح کے بعد شوہر اور بیوی کی حیثیت سے عدالت سے باہر بھی نہ آنے والے جوڑے میں علیحدگی ہوگئی۔

(جاری ہے)

اسی طرح کے ایک اور واقعے میں کویت کے ایک شہری نے اپنی بیوی کو شادی کے صرف دو دن بعد ہی یہ معلوم ہونے پر طلاق دے دی کہ اس کی بیوی کا پہلے اسے بتائے بغیر آپریشن ہوا تھا، شہری نے یہ معلوم ہونے کے فوراً بعد ہی طلاق کے لیے درخواست دے دی اور اپنی اہلیہ پر الزام عائد کیا کہ اس نے یہ معلومات چھپائیں، چنانچہ عدالت نے طلاق کی درخواست منظور کرلی اور جوڑے میں علیحدگی ہوگئی۔

کویت کی وزارت انصاف کے فیملی کونسلنگ ڈپارٹمنٹ نے 2022ء میں طلاق کے کیسز کی ایک بڑی تعداد کی اطلاع دی، محکمے کو گزشتہ سال فروانیہ، رقّہ، سلیبیخات، احمدی، جہرہ، مبارک الکبیر اور حوالی سمیت مختلف علاقوں میں طلاق کے 13 ہزار 814 کیسز موصول ہوئے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں