کویت نے سینکڑوں غیرملکی ملازمین کو نوکری سے نکال دیا

متعلقہ محکموں نے کویتی باشندوں کی تلاش شروع کردی جو فارغ کردہ غیرملکی کارکنوں کی جگہ لے سکیں

Sajid Ali ساجد علی منگل 3 اکتوبر 2023 11:43

کویت نے سینکڑوں غیرملکی ملازمین کو نوکری سے نکال دیا
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 اکتوبر 2023ء ) خلیجی ملک کویت نے سینکڑوں غیرملکی ملازمین کو نوکری سے نکال دیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق کویت کی وزارت داخلہ نے 800 سے زائد عرب تارکین وطن ملازمین کی خدمات ختم کر دی ہیں جن میں زیادہ تر مصری ہیں اور انہیں برطرفی کا طریقہ کار مکمل کرنے کے لیے ایک ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔ وزارتی ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ ملازمین انتظامی شعبے میں تعینات ہیں اور ان میں سے کچھ قانونی مشیروں کے عہدوں پر ہیں، انہیں وزارت داخلہ کے کئی محکموں میں تقسیم کیا گیا تھا، جن میں قومیت کی جنرل ایڈمنسٹریشن، پاسپورٹ و ٹریفک اور خودکار معلوماتی مرکز شامل ہیں۔

ذرائع سے مزید معلوم ہوا ہے کہ ان غیرملی ملازمین کی خدمات کو ختم کرنے کا فیصلہ وزیر داخلہ شیخ طلال الخالد کے احکامات کی روشنی میں کیا گیا ہے، جس کا مقصد کویت میں ملازمتوں کو تبدیل کرنا اور آبادیاتی عدم توازن کو دور کرنا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جاتا ہے کہ وزارت داخلہ کے یہ محکمے اب ایسے کویتی باشندوں کی تلاش میں ہیں جو ملازمت سے نکالے جانے والے ان غیر ملکی کارکنوں کی جگہ لے سکیں، تاہم 800 برطرف کارکن پہلی کھیپ کی نمائندگی کرتے ہیں جس کے بعد آنے والے مہینوں میں مزید غیر ملکی کارکنوں کو بھی ملازمت سے فارغ کیا جائے گا، اس اقدام کا مقصد محکمہ ٹریفک جیسے حساس شعبوں میں غیر ملکی کارکنوں کو تبدیل کرنا ہے۔

یہ بھی پتا چلا ہے کہ کویتی حکام ان دنوں مختلف کارروائیاں کررہے ہیں، اسی کے تحت غیرملکیوں کے ورک پرمٹ میں ترمیم کیلئے نئی شرائط عائد کی گئی ہیں، افرادی قوت کے لیے کویت کی پبلک اتھارٹی نے تارکین وطن کے لیے ورک پرمٹ سے متعلق نام، تاریخ پیدائش اور قومیت جیسے ذاتی ڈیٹا میں ہونے والی تبدیلیوں کے لیے نئے ضوابط متعارف کرائے ہیں، جن کے تحت ان تفصیلات کو براہ راست ورک پرمٹ پر تبدیل نہیں کیا جا سکے گا بلکہ اس کی بجائے ایسی تبدیلیوں کے خواہاں آجروں اور کفیلوں کو ایک مخصوص طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں