اومان میں ملازمت کے خواہش مندوں کے لیے بُری خبر آ گئی

ملازمت ویزوں پر پابندی میں مزید 6 ماہ کی توسیع کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 27 نومبر 2018 15:40

اومان میں ملازمت کے خواہش مندوں کے لیے بُری خبر آ گئی
مسقط(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 نومبر2018) مملکت میں گزشتہ چند ماہ کے دوران مقامی افراد کی بڑی تعداد کو برسرروزگار کرنے کے حوالے سے خصوصی اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔ اومانائزیشن پالیسی کے تحت مملکت میں موجود ہزاروں غیر مُلکیوں کی جگہ مقامی افراد کو ملازمتیں دی جا رہی ہیں۔ اس پالیسی کو کامیاب بنانے کی خاطر رواں سال کے آغاز پر ماہِ جنوری کے دوران 87 شعبوں میں غیر مُلکی افراد کو روزگار ویزہ دینے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

یکم جولائی 2018ء کو اس پابندی میں مزید6 ماہ کی توسیع کر دی گئی۔ اومان کی وزارت انسانی وسائل نے اپنے تازہ ترین اعلان میں کہا ہے کہ پابندی شُدہ شعبوں میں بھرتی کی مُدت میں مزید 6 ماہ کا اضافہ کر دیا جائے گا۔ جبکہ مزید شعبوں کو بھی مقامی افراد کے لیے مخصوص کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

جس کے بعد ان شعبوں میں غیر مُلکیوں کی جگہ اومانی نوجوانوں کو بھرتی کیا جائے گا۔

وزارت کے مطابق خریداری، سیلز نمائندگان، تعمیراتی مزدور، صفائی اور ورکشاپ کے شعبے بھی مقامی افراد کے لیے مخصوص کر دیئے گئے ہیں۔ اومانائزیشن کے اطلاق کے بعد مذکورہ شعبوں سے منسلک کمپنیوں کو غیر مُلکی ملازمین کے حصول کے لیے پرمٹس جاری نہیں کیے جائیں گے۔ وزارت کے مطابق غیر اومانی اشخاص کے لیے نوکریوں کے پرمٹس جاری کرنے پر مزید 6 ماہ کی پابندی برقرار رہے گی تاہم پہلے سے کسی عہدے پر تعینات ملازم کے متبادل کے طور پر غیر مُلکی کو ویزہ پرمٹ دیا جا سکتا ہے۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں