عمان کا ایئرپورٹس پر ٹیکسی سروسز کیلئے نئے لائسنس دینے کا فیصلہ

نئی کمپنیاں مسافروں کو سفر سے پہلے طے شدہ قیمتوں پر ٹرپس کی پیشکش کرسکیں گی

Sajid Ali ساجد علی منگل 12 ستمبر 2023 15:57

عمان کا ایئرپورٹس پر ٹیکسی سروسز کیلئے نئے لائسنس دینے کا فیصلہ
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 ستمبر 2023ء ) خلیجی سلطنت عمان نے ایئرپورٹس پر ٹیکسی سروسز کیلئے 2 لائسنس دینے کا فیصلہ کرلیا، نئی کمپنیاں مسافروں کو سفر سے پہلے طے شدہ قیمتوں پر ٹرپس کی پیشکش کرسکیں گی۔ عمانی میڈیا کے مطابق عمان کی وزارت ٹرانسپورٹ، مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (MTCIT) نے سلطنت کے تمام ہوائی اڈوں پر ٹیکسی سروسز کے انتظام کے لیے 2 لائسنس دینے کا فیصلہ کیا ہے، Otaxi اور Oman Taxi سفر سے پہلے طے شدہ قیمتوں پر ٹرپس کی پیشکش کرسکیں گی، دونوں کمپنیوں کی جانب سے روٹ ٹریکنگ اور مانیٹرنگ سسٹم بھی متعارف کروایا جائے گا، جس سے صارف کی رازداری اور سلامتی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

وزارت نے کہا ہے کہ نئے لائسنسوں کی منظوری لینڈ ٹرانسپورٹ قانون کے ضوابط کی ضروریات اور دفعات کو پورا کرنے کے بعد عمل میں لائی گئی تاکہ سلطنت عمان میں عوامی نقل و حمل کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے لائسنس یافتہ کمپنیوں کے تحت کام کرنے کے لیے ہوائی اڈوں پر تمام ٹیکسی مالکان کو شامل کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

ایم ٹی سی آئی ٹی نے سلطنت کے ہوائی اڈوں پر کام کرنے والے ٹیکسی ڈرائیوروں پر زور دیا ہے کہ وہ اکتوبر کی پہلی تاریخ سے پہلے لائسنس یافتہ درخواستوں میں شمولیت اختیار کرلیں، بصورت دیگر انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ وزارت کی ’Aber ابر ایپ‘ ایک سمارٹ ایپلی کیشن ہے جس میں سلطنت عمان میں تمام لائسنس یافتہ ٹیکسی ایپلی کیشنز شامل ہیں، جو ٹیکسی سروسز کے صارفین کو اپنی مطلوبہ منزل کا انتخاب کرنے اور آسانی سے ایک ونڈو میں ایپلی کیشنز تک رسائی حاصل کرنے اور فوری یا پیشگی بکنگ میں مدد کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں