عمان جانے والے پاکستانیوں کیلئے آئندہ ماہ سے مزید سفری سہولیات

مسقط سے پشاور کی نئی پرواز ہر اتوار و بدھ کو اڑان بھرے گی‘ واپسی کی فلائیٹس ہر پیر و جمعرات کو آپریٹ ہوں گی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 ستمبر 2023 12:19

عمان جانے والے پاکستانیوں کیلئے آئندہ ماہ سے مزید سفری سہولیات
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 ستمبر 2023ء ) عمان جانے والے پاکستانیوں کو آئندہ ماہ سے مزید سفری سہولیات مل جائیں گی۔ ٹائمز آف عمان کے مطابق یکم اکتوبر سے سلطنت عمان کی قومی ایئرلائن عمان ایئر اور نجی شعبے کی فضائی کمپنی سلام ایئر برصغیر کے لیے نئے روٹس پر فلائیٹس چلائیں گی، سلام ایئر پاکستان جانے والے مسافروں کو پشاور کے لیے پروازوں کے ساتھ ایک نیا آپشن فراہم کرے گی، یہ سلام ایئر کی پاکستان کے لیے چوتھی منزل ہوگی کیوں کہ وہ فی الحال ملتان، کراچی اور سیالکوٹ کے لیے پروازیں چلا رہی ہے، پشاور کے لیے شروع ہونے والی نئی پرواز ہر اتوار اور بدھ کو رات 11 بج کر 50 منٹ مقامی وقت پر مسقط سے روانہ ہوگی اور 03 بج کر 25 پر پشاور پہنچے گی جب کہ پشاور سے واپسی کی پرواز ہر پیر اور جمعرات کو صبح 04 بج کر 10 پر روانہ ہوگی اور 06 بجے مسقط پہنچے گی۔

(جاری ہے)

ادھر عمان سے بھارت جانے والے مسافروں نے بھی شمالی ہندوستان کے شہر لکھنؤ اور جنوبی ہندوستان کے شہر ترواننت پورم کے لئے عمان ایئر کی پروازوں کی بحالی کا خیرمقدم کیا، عمان ایئر نے دونوں شہروں کے لیے بکنگ کھول دی ہے اور کہا ہے کہ یکم اکتوبر سے لکھنؤ اور ترواننت پورم کے لیے براہ راست پروازیں دوبارہ شروع ہوں گی، براہ راست پروازوں کا دوبارہ آغاز اکتوبر اور نومبر کے آخر میں ہندوستان میں تہوار کے موسم سے پہلے دونوں شہروں کے مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرے گا۔

واضح رہے کہ عمان ایئر نے اس سال کے شروع میں اعلان کیا تھا کہ وہ لکھنؤ اور ترواننت پورم کے لیے مسقط سے لکھنؤ کے لیے ہفتہ وار 12 اور مسقط اور ترواننت پورم کے درمیان 5 ہفتہ وار پروازوں کے ساتھ پروازیں دوبارہ شروع کرے گی، عمان ایئر فی الحال نئی دہلی، ممبئی، چنئی، حیدرآباد، گوا، بنگلورو، کوچی اور کوزی کوڈ کے لیے براہ راست پرواز کرتی ہے، دو مزید مقامات کا اضافہ 2023ء کے لیے ان کے توسیعی منصوبوں کا حصہ ہے، یہ سلطنت عمان کی معیشت میں حصہ ڈالنے کے لیے عمان ایئر کی جاری کوششوں کو ظاہر کرتا ہے جب کہ اپنی ایوارڈ یافتہ خدمات اور مصنوعات کے ساتھ ساتھ فضا میں اور زمین پر اپنی نمایاں عمانی مہمان نوازی کے ذریعے عالمی رسائی میں اضافے کے لیے اپنی مہم کو بھی ظاہر کرتا ہے۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں