عمان سے بھارت کی پرواز میں مسافر کی موت‘ کسی کو بھی پتا نہ چل سکا

لینڈنگ کے بعد تمام مسافر طیارے سے اتر گئے تاہم 38 سالہ شخص اپنی سیٹ پر ہی بیٹھا رہا‘ کیبن کریو نے ہلایا تو معلوم ہوا اس کی موت ہوچکی‘ یہ شخص چھٹیاں گزارنے مسقط سے چنئی جا رہا تھا

Sajid Ali ساجد علی منگل 12 ستمبر 2023 11:49

عمان سے بھارت کی پرواز میں مسافر کی موت‘ کسی کو بھی پتا نہ چل سکا
مسقط / چنئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 ستمبر 2023ء ) خلیجی سلطنت عمان سے بھارت پہنچنے والے ایک طیارے میں دوران پرواز مسافر کی اچانک موت ہوگئی جس کا کسی کو بھی پتا نہ چل سکا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 38 سالہ بھارتی مسافر کی شناخت دھناسیکرن کے نام سے ہوئی ہے جو مسقط سے چنئی واپس آتے ہوئے پرواز کے دوران ہلاک ہو گیا، مشتبہ طور پر اس شخص کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔

ٹائمز آف انڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ دھناسیکرن مسقط میں ملازمت کرتے تھے اور چھٹیوں پر فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے گھر جا رہے تھے، تاہم چنئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پرواز کی لینڈنگ کے بعد دیگر تمام مسافروں کے طیارے سے اترنے کے بعد بھی دھناسیکرن اپنی نشست پر بیٹھے رہے، کیبن کریو نے سمجھا شاید وہ سو رہے ہیں لیکن جب انہیں جگانے کی کوشش کی تو ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا، جس پر عملے نے انہیں چیک کیا تو بے ہوش پایا، اس کے بعد انہوں نے زمینی حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ایک طبی ٹیم نے مسافر کو تیزی سے ہوائی اڈے کے ایمرجنسی میڈیکل سنٹر پہنچایا، جہاں اہم علامات کا مکمل جائزہ لینے کے بعد طبی ماہرین نے انہیں مردہ قرار دے دیا، بعد ازاں ایئرپورٹ سکیورٹی فورس نے کیس کا چارج سنبھالتے ہوئے مسافر کی لاش کو تحویل میں لے لیا اور پوسٹ مارٹم کے لیے ضروری کارروائی شروع کر دی جب کہ اہل خانہ کو بھی مطلع کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں