سعودی لڑکی نے پلمبنگ اور تعمیراتی سامان کی دُکان کھول لی

پہلی بار اس میدان میں قدم رکھنے والی سعودی خاتون کا تعلق دمام سے ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 26 جنوری 2019 11:34

سعودی لڑکی نے پلمبنگ اور تعمیراتی سامان کی دُکان کھول لی
دمام(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 جنوری 2019ء ) سعودی عرب اتنی تیزی سے بدل رہا ہے کہ مغربی دُنیا کو بھی اس پر حیرت ہو رہی ہے۔ اب یہ وہ روایتی سعودی عرب نہیں رہا جہاں خواتین سارا دِن گھروں میں ہی گزارتی تھیں اور باہر نکلتی بھی تھیں تو بہت ہی کم۔ اب تو سعودی لڑکیاں ہر شعبے میں ملازمت اختیار کر رہی ہیں یہاں تک کہ ٹیکسی بھی چلا رہی ہیں۔ لیکن ایک سعودی لڑکی نے تو کمال ہی کر دکھایا۔

رحمہ شباطہ نامی اس لڑکی نے دمام میں پلمبنگ اور بلڈنگ میٹریل کی دُکان کھول کر سب کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ اس سے پہلے پلمبنگ اور تعمیراتی سامان کی زیادہ تر دُکانیں غیر مُلکی چلا رہے تھے۔ سعودی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کسی خاتون نے یہ پیشہ اختیار کیا ہو۔ یہ کاوبار بھی دیگر سینکڑوں پیشوں کی طرح مردوں سے مخصوص رہا ہے۔

(جاری ہے)

یہاں تک کہ سعودی نوجوان بھی اس کام کو اپنی حیثیت سے کم تر سمجھ کر اس جانب آنے سے کنّی کتراتے رہے ہیں۔

کیونکہ اُن کے خیال میں پلمبنگ اور تعمیراتی سامان کی فروخت ایک مشکل کام ہے۔ رحمہ شباطہ نے ایک خلیجی چینل پر پیش کیے جانے والے پروگرام ’سیدتی‘ میں اس کاروبار کو اختیار کرنے کے حوالے سے شروع میں درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اُسے نہیں پتا تھا کہ پلمبنگ کس بلا کا نام ہے اور بلڈنگ میٹریل اور دیگر سامان کیا کیا ہوتا ہے۔ لیکن دُبئی میں کچھ عرصہ قیام کے دوران اسے اس بارے میں پتا چلا، جب اس نے ایک شو روم میں یہ اشیاء دیکھیں۔

تبھی اُس کے ذہن میں خیال آیا کہ کیوں نہ وہ اپنے آبائی علاقے دمام میں بھی یہی کاروبار شروع کرے۔ جس کے بعد اس نے اللہ کا نام لے کر دُکان کھول لی۔ شروع میں بہت سے روایت پسند اور تنگ نظر سعودیوں نے اس کی دُکان کا بائیکاٹ کیا، وہ اس بات پر بہت پریشان ہوئی۔ لیکن پھر اُنہیں احساس ہو گیا کہ یہ لڑکی جائز طریقے سے کاروبار کر کے اپنا رزق کمانا چاہتی ہے۔

اس غلطی کے احساس کے بعد لوگ اُس کی دُکان سے سامان خریدنے آنے لگے۔ اور اب تو لوگ اس مردوں کے لیے مخصوص کاروبار میں شرکت پر اُس کی دِل کھول کر حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ رحمہ نے بتایا کہ شروع میں اس نے دُکان پر مرد سیلز مین تعینات کر رکھے تھے جن کی وہ کچھ فاصلے سے نگرانی کرتی تھی۔ تاہم بعد میں اس نے کئی لڑکیوں کو ملازم رکھ لیا اور اب یہی لڑکیاں اس کا سارا کام سنبھال رہی ہیں۔ اب اُس کا کاروبار بہترین انداز سے چل رہا ہے، اور روز بروز اس کے منافع میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

الدمام میں شائع ہونے والی مزید خبریں