سعودی عرب کا دمام ایئرپورٹ خطے کا بہترین ہوائی اڈہ قرار

کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ دمام کو مسلسل دوسرے سال مشرق وسطیٰ کے بہترین علاقائی ایئر پورٹ کا درجہ ملا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 18 مارچ 2023 08:48

سعودی عرب کا دمام ایئرپورٹ خطے کا بہترین ہوائی اڈہ قرار
دمام ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 مارچ 2023ء ) سعودی عرب کے دمام ایئرپورٹ کو خطے کا بہترین ہوائی اڈہ قرار دے دیا گیا۔ عرب نیوز کے مطابق انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ کی تنظیم سکائی ٹریکس نے سعودی عرب کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ دمام کو دوسرے سال کے لیے مشرق وسطیٰ کا بہترین علاقائی ایئر پورٹ قرار دیا ہے، دمام ایئر پورٹ نے 2022ء میں 6 درجے ترقی کر کے دنیا کے 44 ویں بہترین ایئرپورٹ کا درجہ حاصل کیا اسی طرح مملکت کے دیگر ایئر پورٹس کی درجہ بندی میں بھی بہتری ریکارڈ کی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی درجہ بندی بہتری کے بعد 29 ویں نمبر سے 27 ویں نمبر پر آ گئی ہے، جدہ کا کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ گزشتہ سال کے مقابلے میں 3 درجے ترقی کر کے عالمی سطح پر 41 ویں نمبر پر آ گیا، جب کہ مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے دنیا کے بہترین ایئر پورٹس میں 52 ویں پوزیشن حاصل کرلی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ورلڈ سکائی ٹریکس ایوارڈز میں 500 سے زیادہ انٹرنیشنل ایئر پورٹس نے حصہ لیا جس میں عالمی درجہ بندی ایجنسی چیک ان، آمد، منتقلی، خریداری، سکیورٹی، امیگریشن اور روانگی سمیت اہم کارکردگی کے انڈیکیٹرز کا جائزہ لیتی ہے، سکائی ٹریکس نے سنگاپور کے چانگی ایئر پورٹ کو 2023 کے لیے دنیا کا بہترین ایئر پورٹ قرار دیا، دوحہ کا حماد انٹرنیشنل دوسرے اور ٹوکیو کا ہنیدا ایئر پورٹ تیسرے نمبر پر رہا۔

اس حوالے سے سکائی ٹریکس کے ایڈورڈ پلاسٹڈ نے کہا ہے کہ ہم سنگاپور کے چانگی ایئر پورٹ کو 2023ء کے لیے دنیا کا بہترین ایئر پورٹ قرار دیے جانے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، کورونا وباء کے دوران شدید متاثر ہونے کے بعد یہ بات خوش آئند ہے کہ چانگی ایئر پورٹ پر مسافروں کی تعداد اب تقریباً 80 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ سکائی ٹریکس کی یہ درجہ بندی مملکت کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کی جانب سے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو سالانہ 15 ملین سے زیادہ مسافروں کے ساتھ سعودی عرب کے انٹرنیشنل ایئر پورٹس میں پہلے نمبر پر آنے کے بعد سامنے آئی، ریاض میں واقع ایئر پورٹ نے 82 فیصد تعمیل کی شرح حاصل کرنے کے لیے سرفہرست مقام کا دعویٰ کیا، اپنی درجہ بندی کے لیے ایوی ایشن اتھارٹی 14 اہم کارکردگی کے انڈیکیٹرز پر کسی بھی ایئر پورٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیتی ہے جس میں خاص طور پر چیک ان اور سکیورٹی کے طریقہ کار کے دوران مسافروں کے انتظار کے اوقات، مسافر کا سامان ٹریک کے سامنے گزارا وقت، پاسپورٹ اور کسٹم ایریاز، معذور افراد سے متعلق معیار اور بہترین عالمی طریقوں پر مبنی کئی دیگر معیارات کو شامل کیا جاتا ہے۔

الدمام میں شائع ہونے والی مزید خبریں