سعودی عرب کی سب سے بڑی آئرن فیکٹری میں آتشزدگی

دمام انڈسٹریل سٹی میں لگنے والی خوفناک آگ پر کئی گھنٹوں بعد قابو پالیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 4 مارچ 2023 08:06

سعودی عرب کی سب سے بڑی آئرن فیکٹری میں آتشزدگی
دمام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مارچ2023ء) سعودی شہری دفاع نے دمام میں واقع فیکٹری میں لگنے والی بڑی آگ پر قابو پالیا، حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ عرب نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ سعودی عرب میں حکام نے مشرقی صوبے کے دمام انڈسٹریل سٹی میں لوہے کے سب سے بڑے کارخانے میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا ہے، اس حوالے سے سول ڈیفنس نے کہا ہے کہ ایک ٹیم آگ کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئی ہے اور اسے بجھانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، خوش قسمی سے ابھی تک کسی کے زخمی ہونے یا کسی بھی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

مقامی چینل اخباریہ کے ایک رپورٹر نے مقامی وقت کے مطابق آدھی رات کے قریب تصدیق کی کہ آگ پر قابو پالیا گیا اس سے پہلے کہ یہ فیکٹری کو مکمل طور پر تباہ کرتی اور پڑوسی فیکٹریوں تک پھیل جاتی، ہلال احمر کی تین ٹیموں اور سول ڈیفنس کی چار ٹیموں نے آگ بجھانے میں حصہ لیا جو گزشتہ روز شام پانچ بجے لگی، اس دوران فیکٹری کے آس پاس آسمان کو ڈھکنے والے کالے دھوئیں کے بڑے بڑے شعلے دکھائی دیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ فیکٹری کا رقبہ 10 ہزار مربع میٹر ہے اور یہ دمام اور خوبر کے درمیان واقع ہے، مذکورہ فیکٹری میں ایئر کنڈیشنرز بنانے کے لیے استعمال ہونے والی تاروں کے ٹکڑے اور آتش گیر مواد موجود تھا جس کی وجہ سے آگ اتنے وسیع پیمانے تک پھیل گئی۔ ادھر سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ میں آئل ٹینکر میں آگ لگنے کا خوفناک واقعہ پیش آیا، جہاں العریض میں بنائے گئے پیٹرول پمپ کے باہرموجود ایک آئل ٹینکرمیں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کی وجہ سے پیٹرول پمپ کے بھی اس خوفناک آگ کی لپیٹ میں آنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، جیسے ہی آگ لگنے کی اطلاع ملی تو متعلقہ ٹیمیں فوری جائے وقوعہ پرپہنچ گئیں اور آگ بجھانے کے لیے کارروائی کا آغاز کردیا، اس دوران فائرفائٹرز کو آپریشن میں بروقت کامیابی کے لیے 2 حصوں میں تقسیم کیا گیا، جن میں سے ایک گروپ کو ٹینکرمیں لگی آگ پرقابو پانے کی ذمہ داری سونپی گئی جب کہ دوسرے گروپ کے حصے میں پیٹرول پمپ کو آتشزدگی سے محفوظ رکھنے کا ٹاسک آیا۔

معلوم ہوا کہ آگ پر قابو پانے اور پیٹرول پمپ کو آتشزدگی سے محفوظ رکھنے کے لیے ریسکیو اہلکاروں نے پیٹرول پمپ کی چاروں طرف مخصوص کیمیکل کا سپرے کیا، جس کی وجہ سے آگ پرقابوپانے میں آسانی پیدا ہوئی، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے محکمہ شہری دفاع کے اہلکاروں نے پیٹرول پمپ میں موجود آئل ٹینکوں کو انتہائی مہارت سے محفوظ بنایا جس سے علاقہ بڑی تباہی سے بچ گیا اور محکمہ شہری دفاع نے آگ پرمکمل طورپرقابو پانے کے بعد آتشزدگی کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے حادثے کے مقام کو متعلقہ ادارے کی تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا۔

الدمام میں شائع ہونے والی مزید خبریں