سعودیہ ؛ دمام سے قاہرہ جانے والی پرواز میں بم کی اطلاع ‘ طیارے کو ٹیک آف کے بعد اتارلیا گیا

جہاز سے مسافروں کو اتار کرلاونچ میں پہنچانے کے بعد طیارے کی مکمل تلاشی لی گئی‘ جس میں بم کی اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 12 نومبر 2021 13:31

سعودیہ ؛ دمام سے قاہرہ جانے والی پرواز میں بم کی اطلاع ‘ طیارے کو ٹیک آف کے بعد اتارلیا گیا
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 نومبر 2021ء ) سعودی عرب کے شہر دمام سے مصر کے دارالحکومت قاہرہ جانے والی پرواز میں بم کی اطلاع ملنے پر طیارے کو ٹیک آف کے بعد اتارلیا گیا ، مسافروں کو طیارے سے اتارنے کے بعد لاؤنچ پہنچایا گیا اور طیارے کی مکمل تلاشی لی گئی ـ اردو نیوز نے اخبار 24 کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مصر ایئرکی پرواز دمام کے شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اپنے معمول کے وقت مقررہ پر روانہ ہوئی تاہم پرواز کے ٹیک آف کرنے کے بعد جہاز میں بم رکھے جانے کی اطلاع ملی ، جس پرسعودی سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر طیارے کو دوبارہ دمام ایئرپورٹ پر اترنے کی ہدایت کردی ۔

بتایا گیا ہے کہ لینڈنگ کے فوری بعد طیارے کو سکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل اسکوڈ نے گھیر لیا اور مسافروں کو فوری طورپر بحفاظت لاؤنچ میں منتقل کردیا گیا جہاں طیارے کی اسکینگ کے لیے اسے مخصوص ہینگرمیں پہنچایا گیا تو طیارے کی مکمل اور تلاشی لینے کے بعد کسی قسم کا بم برآمد نہیں ہوا ۔

(جاری ہے)

حال ہی میں خلیجی کویت کی ایک نجی ایئرلائن میں بم کی اطلاع پر پرواز کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی ، العربیہ نیوز کے مطابق کویت کی جزیرہ ایئر ویز کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ بم دھمکی کی وجہ سے جمعرات کو ترکی کے ترابزون ہوائی اڈے پر جزیرہ ایئر ویز کی مسافر پرواز کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی ، یہ مسافر پرواز کویت سے روانہ ہوئی تھی۔

ترک مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کویت حکام کو بم کی دھمکی صرف اس مخصوص پرواز کے لیے نہیں تھی بلکہ تمام کویتی طیاروں کے لیے تھی جو اس وقت کام کر رہے ہیں ، ترابزون کے گورنر اسماعیل استاغلو نے میڈیا کو بتایا کہ طیارے میں سوار تمام مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ، جس کے بعد طیارے کو محفوظ زون میں منتقل کرکے تلاشی کا عمل سرانجام دیا جائے گا۔

الدمام میں شائع ہونے والی مزید خبریں