سعودی خاتون ہیلہ الفراج عنقریب ایک منفرد اعزاز کی حامل ہو جائیں گی

ہیلہ مملکت کی پہلی خاتون سپورٹس کمنٹیٹر کے فرائض نبھائیں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 26 فروری 2019 15:18

سعودی خاتون ہیلہ الفراج عنقریب ایک منفرد اعزاز کی حامل ہو جائیں گی
دمام(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2019ء ) سعودی عرب میں گزشتہ چند ماہ سے خواتین کے لیے دھڑا دھڑ خوش خبریاں آ رہی ہیں۔ ایسی ہی ایک اور خبر سپورٹس کے حوالے سے سنائی گئی ہے۔ سعودی تاریخ میں پہلی بار پہلے گلف ویمنز فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ خلیجی خواتین کا یہ اولین ٹورنامنٹ سعودی فیڈریشن فار کمیونٹی سپورٹس کی جانب سے منعقد کروایا جائے گا۔

یکم مارچ 2019ء سے 6 مارچ 2019ء تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں خواتین کی سولہ ٹیمیں ناک آؤٹ سسٹم کی بنیاد پر حصّہ لیں۔ اس ٹورنامنٹ کا ماٹو ’فٹ بال ہمیں متحد رکھتا ہے‘ ہے۔ یہ ٹورنامنٹ الخوبار سپورٹس سٹی کے گرین ہال میں منعقد ہو گا۔خواتین کے اس سپورٹس ایونٹ میں سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین اور اومان کے خواتین فٹ بال کلبز حصّہ لیں گے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ایک شاندار خبر یہ ہے کہ سعودی خاتون ہیلہ الفراج کو مملکت میں منعقد ہونے والے اس سپورٹس ایونٹ کے دوران کمنٹری کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ اس طرح ہیلہ پہلی سعودی تاریخ کی وہ پہلی خاتون ہوں گی جنہیں لیڈیز اسپورٹس پروگرام کی کمنٹری کا اعزاز حاصل ہونے جا رہا ہے۔ہیلہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند دِنوں سے فٹبال میچوں پر کمنٹری کے لیے خواتین کمنٹیٹررز کی تلاش جاری تھی۔

خوش قسمتی سے اس کام کے لیے میرا انتخاب کیا گیا ہے جو میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔ یقیناًیہ کام مشکل اور تھکا دینے والا ہے۔ بہت سارے لوگ مجھے پر اعتراضات اور تنقید کی بوچھاڑ کریں گی۔ جس کا میں کھُلے دل سے خیر مقدم کروں گی۔ میری بھرپور کوشش ہو گی کہ اس منفرد فریضے کو احسن طریقے سے انجام دوں ۔اس ٹورنانٹ میں سعودی عرب سے شرکت کرنے والے کلبز کے نام الشعالا الشرقیہ، الیمامہ، لورڈز، یونائیٹڈ ایگلز، جدہ ایگلز اور کِنگز یونین ہیں۔

اس ایونٹ کا انعقاد کرانے والی کمپنیوں میں سے ایک کمپنی کی جنرل مینجر ثناء العتیق نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل پچاس کے قریب سعودی خواتین کی میوزیکل پرفارمنس بھی ہو گی۔ اس افتتاحی تقریب کے بعد دو فٹ بال میچز ہوں گے۔جبکہ اگلے آنے والے دِنوں میں ہر روز چار میچز کھیلے جائیں گے۔ اس فٹ بال ٹورنامنٹ کے علاوہ ٹینس، باسکٹ بال اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے بھی ہوں گے۔ جبکہ آؤٹ ڈور میں بچوں کی گیمز اوردیگر صحت مندانہ کھیلیں کرائی جائیں گی۔ اس ایونٹ کے دوران کھانے پینے کی اشیاء کے سٹالز بھی لگائے جائیں گے۔ یہ پروگرامز صرف خواتین کے لیے ہی نہیں، بلکہ فیملیز کے لیے بھی ہیں۔

الدمام میں شائع ہونے والی مزید خبریں