سعودی عرب میں ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی ہو گئی

گزشتہ ہجری سال میں ٹریفک حادثات کے دوران 6025 اموات ہوئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 13 مارچ 2019 12:41

سعودی عرب میں ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی ہو گئی
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ 2019ء) محکمہ ٹریفک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں گزشتہ دو تین سالوں کے دوران ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ 1438 ھ کے دوران مملکت بھر میں رُونما ہونے والے حادثات کی گنتی 4 لاکھ 60 ہزار 4 سو 88 ریکارڈ کی گئی جبکہ1439ھ میں 3 لاکھ 52 ہزار 4 سو 64 حادثات ہوئے۔ اس طرح ایک سال کے دوران ہی ٹریفک حادثات کی گنتی میں 1 لاکھ 7 ہزار 8 سو 24 حادثات کی کمی واقع ہوئی۔

1438ھ اور 1439 ھ کے درمیان ٹریفک حادثات کی تعداد میں ریکارڈ 23.43 فیصد کمی کی وجہ محکمہ ٹریفک کی جانب سے لگاتار آگاہی مہم اور جدید ٹیکنالوجی کا متعارف کرانا ہے۔ جس کے باعث ٹریفک خلاف ورزیوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔ جرمانوں کی شرح میں اضافے کے باعث بھی قانون شکن افراد ٹریفک خلاف ورزیوں سے بہت حد تک باز آ گئے۔

(جاری ہے)

ٹریفک حادثات کی شرح میں کمی کے نتیجے میں مملکت میں سالانہ شرح اموات میں 19.5 فیصد کی واضح کمی ہوئی ہے۔

1438ھ کے دوران ٹریفک حادثات میں ہونے والی اموات کی گنتی 7489 ریکارڈ کی گئی جبکہ 1439ھ کے دوران یہ شرح کم ہو کر 6025 پر سمٹ آئی۔ اسی طرح ٹریفک حادثات میں معمولی اور شدید زخمی ہونے والے افراد کی شرح میں بھی 8.98 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ ٹریفک حکام کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ مملکت میں ٹریفک حادثات کی شرح کو مزید کم لانے کے مستقبل میں مزید اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔ شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پاس داری اور آگاہی کو اُجاگر کرنے سے ہی مملکت کی سڑکوں کو ڈرائیونگ کے لیے محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں