جدہ میں واقع ایک کارخانے میں پانچ پاکستانی بُری طرح جھُلس گئے

بھٹی کی آگ سے جھُلسنے والے تین پاکستانیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 18 مارچ 2019 12:05

جدہ میں واقع ایک کارخانے میں پانچ پاکستانی بُری طرح جھُلس گئے
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ 2019ء) سعودی مملکت میں اس وقت لاکھوں پاکستانی روزگار کی غرض سے مقیم ہیں۔ یہاں کے موسمی حالات انتہائی شدید ہوتے ہیں، اسی وجہ سے پاکستانی جو اپنی محنت اور جفا کشی کے باعث بے انتہا پسند کیے جاتے ہیں، اُنہیں سعودی عرب میں موجود مقامی اور غیر مُلکی کمپنیاں اور صنعتی ادارے بہت شوق سے نوکریاں دیتے ہیں۔ سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی مزدوروں اور کارکنوں کی دِن رات کی محنت کا بھی بہت بڑا حصّہ ہے۔

تاہم کئی بار پاکستانی مزدوروں کو کئی جان لیوا حادثات بھی پیش آتے ہیں اور کئی ٹریفک حادثات کا شکار ہو کر بھی دُنیا سے منہ موڑ جاتے ہیں۔ جنوبی جدہ کے صنعتی علاقے میں بھی ایک ایسا ہی خوفناک حادثہ پیش آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک کارخانے میں لوہا پگھلانے والی بھٹّی کی آگ کے باعث 5 پاکستانی بُری طرح جھُلس گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جن میں سے 3 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

اس حوالے سے ہلالِ احمر کے ترجمان عبداللہ ابو زید نے بتایا کہ اس افسوس ناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی ہلالِ احمر کی طبی امداد کی ٹیمیں اور محکمہ شہری دفاع کے اہلکا ر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ جنہوں نے بھٹی میں بھڑکنے والی آگ پر قابو پا لیا۔ زخمیوں کی مرہم پٹی کرنے کے بعد اُنہیں قریبی ہسپتا ل میں منتقل کر دیا گیا۔ جہاں 3 پاکستانی زیادہ جھُلس جانے کے باعث موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں