سعودی خواتین صحافیوں کو خوش خبری سُنا دی گئی

خواتین صحافی اور رپورٹز آؤٹ ڈور سرگرمیوں کی کوریج اور رپورٹنگ بھی کر سکتی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 24 اگست 2019 16:36

سعودی خواتین صحافیوں کو خوش خبری سُنا دی گئی
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،24 اگست 2019ء) سعودی عرب میں گزشتہ کچھ عرصے سے خواتین کو بہت سی آزادیاں اور حقوق مِل رہے ہیں۔ اب خاتون صحافیوں کو بھی ایک بڑی آزادی دے دی گئی ہے۔ عاجل ویب سائٹ کے مطابق سعودی حکومت نے خاتون صحافیوں اور رپورٹرز کو آؤٹ ڈور سرگرمیوں کی کوریج اور رپورٹنگ کی اجازت بھی دے دی ہے۔ اس سے پہلے خواتین صحافی صرف دفتر کی حدود میں صحافتی ذمہ داریاں انجام دے سکتی ہیں۔

تاہم اب وزارت اطلاعات اور وزارت داخلہ نے خواتین صحافیوں کو بھی صحافتی ادارے اور اسٹوڈیو کی حدود سے باہر بھی سرگرمیوں کی کوریج اور رپورٹنگ کی اجازت دے دی ہے۔ تاہم ایسی آؤٹ ڈور سرگرمیوں کی کوریج کرنے کے لیے خواتین صحافیوں کے پاس اپنے میڈیا چینل یا صحافتی ادارے کا کارڈ ہونا بھی لازمی ہے۔

(جاری ہے)

جسے دکھا کر وہ جس مرضی تفریحی، ثقافتی اور تعلیمی ایونٹ کی رپورٹنگ کر سکتی ہیں۔

اس حوالے سے وزارت اطلاعات کے ماتحت ادارے سعودی میڈیا جنرل کمیشن نے کہا ہے کہ مرد صحافیوں کی طرح خواتین کو بھی اجازت دے دی گئی ہے کہ وہ آؤٹ ڈور سرگرمیاں کور کر سکیں۔ تاہم ان کے پاس میڈیا کارڈ یا صحافتی ذمہ داریوں سے متعلق اجازت نامہ موجود ہونا لازمی ہے۔ جنرل کمیشن کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ بنیادی منظوری کے بعد کمیشن اور وزارت داخلہ مِل کر اس حوالے سے ایک ضابطہ اخلاق مرتب کریں گے جس کے تحت خواتین صحافیوں کو بیرونی مقامات پر ہراسگی سے بچانے کے حوالے سے بھی لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا، تاکہ وہ اپنی صحافتی ذمہ داریاں انجام دیتے وقت خود کو محفوظ تصور کریں۔

اس سے قبل سعودی خواتین صحافیوں کو آؤٹ ڈور سرگرمیوں کے سلسلے میں صرف اپنی ہم جنسوں کے ساتھ کام کرنے کی ہی اجازت تھی۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں