جدہ: فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد اب تک ایک لاکھ 63 ہزار پاکستانی وطن واپس پہنچ چکے ہیں

سعودی وزارت حج کے مطابق 15 ستمبر تک تمام حجاج کی اپنے وطن واپسی کا عمل مکمل ہو جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 9 ستمبر 2019 11:34

جدہ: فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد اب تک ایک لاکھ 63 ہزار پاکستانی وطن واپس پہنچ چکے ہیں
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،9 ستمبر 2019ء) سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 15 ستمبر تک تمام حاجیوں کی اپنے وطن کو واپسی کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ وزارت کے مطابق15 لاکھ سے زائد غیر مُلکی حجاج اپنے اپنے وطن روانہ ہو چکے ہیں، اس وقت سعودی عرب میں موجود حاجیوں کی گنتی 2 لاکھ 71ہزار ہے، جو اگلے چند روز میں وطن واپس چلے جائیں گے۔ وزارت کے مطابق مدینہ منورہ میں اس وقت 2 لاکھ33 ہزار 827 غیر مُلکی حجاج جبکہ مکہ مکرمہ میں 38 ہزار83حجاج موجود ہیں۔

جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے 9 لاکھ82 ہزار398حجاج ،مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ایئر پورٹ سے 4 لاکھ 87 ہزار 162 جبکہ طائف ایئر پورٹ سے ایک لاکھ 508 ہزارحاجی اپنے اپنے ممالک کو روانہ ہوئے۔

(جاری ہے)

جبکہ 2 لاکھ پاکستانی حجاج میں سے اب تک ایک لاکھ63 ہزار سے زائد وطن واپس پہنچ چکے۔جبکہ آئندہ سال کے لیے حج تیاریوں کا آغاز کردیا گیا۔

وزارت کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ وزارت نے عمرہ کمپنیوں اور بیرونی ایجنٹوں کوحج و عمرہ فورم میں جمع کیا ہے۔ اس کے تحت 11ورکشاپس کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔اس موقع پر عمرہ سے تعلق رکھنے والے تمام اداروں کو یکجا کرکے انہیں نئی حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا ہے۔
پاکستان سے بھی حج و عمرہ فورم میں متعدد شخصیات مدعو ہیں۔ پاکستان سے فورم میں شریک شخصیات نے نئی عمرہ پالیسی کا خیر مقدم کیا۔

نئی عمرہ پالیسی کے تحت ویزے کی ساری کارروائی آن لائن ہوگی۔ ویزا پاسپورٹ پر پرنٹ ہونے کے بجائے آن لائن حاصل ہوگا۔ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ کے ہوٹلوں میں رہائش کے لئے بکنگ بھی آن لائن ہوگی۔ اسی طرح سعودی عرب میں مقدس شہروں اور مختلف مقامات پر آنے جانے کیلئے ٹرانسپورٹ بکنگ بھی ای سسٹم کے ذریعے کی جاسکے گی۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں