سعودی سکولوں میں مونگ پھلی سے بنی مصنوعات کی فروخت پر پابندی عائد

وزارت تعلیم کے مطابق یہ فیصلہ بعض طلباء کو مونگ پھلی سے بنی اشیاء سے الرجی کی شکایت ہونے کے بعد کیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 12 اکتوبر 2019 16:47

سعودی سکولوں میں مونگ پھلی سے بنی مصنوعات کی فروخت پر پابندی عائد
ریاض(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12اکتوبر2019ء ) سعودی وزارت تعلیم کی جانب سے پرائمری اسکولوں کی کینٹین میں مونگ پھلی سے بنی مصنوعات رکھنے اور انہیں فروخت کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سعودی ویب نیوز عاجل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وزارت تعلیم نے اس حوالے سے ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں مملکت میں واقع تمام پرائمری اسکولوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ہاں کینٹینوں میں ایسی مصنوعات نہ رکھیں جن میں مونگ پھلی شامل ہو۔

کیونکہ بعض طلباء کو مونگ پھلی سے الرجی کی شکایت ہو جاتی ہے ۔ ماضی میں اسی باعث اکثر طلباء کی حالت بگڑ گئی اور انہیں ہسپتال بھی منتقل کرنا پڑا۔ وزارت تعلیم کی جانب سے جاری اس سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام پرائمری اسکولوں کی انتظامیہ کینیٹن کی خود چیکنگ کر کے اس بات کی تسلی کر لیں کہ وہاں پر مونگ پھلی سے بنی ممنوعہ مصنوعات تو موجود نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

وقتاً فوقتاً نگرانی بھی کی جائے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب میں تمام اسکولز کی کینٹینز کے مالکان کو پابند کیا گیا کہ وہ طلباء و طالبات کو فروخت کرنے والی کھانے پینے کی تمام اشیاء کو ایک ہی نرخ پر فروخت کریں گے۔ کینٹین میں صرف اجازت شدہ اشیاء ہی رکھی جائیں گی۔ غیر ضروری اور صحت کو نقصان پہنچانے والی اشیاء رکھنے کی ممانعت ہو گی۔

جبکہ کوئی بھی کھانے پینے کی چیز کو 4 ریال سے زائد میں فروخت نہیں کیا جائے گا۔ اسنیکس اور سافٹ ڈرنکس سکول کی کینٹین میں فروخت کے لیے نہیں رکھی جائیں گی۔ انڈے کا سینڈوچ، چھوٹا پراٹھا، پنیر سینڈویچ 1 ریال میں، سموسے، پکوڑے اور دیگر تلی ہوئی اشیاء 2 سے 3 ریال میں، جبکہ پنیرا پیزا اور ویجی ٹیبل پیزا 4 ریال تک میں فروخت ہو گا۔ یہ نرخ سعودی عرب کی تمام سکول کینٹینز پر لاگو ہوں گے۔

قیمتوں میں فرق کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جن کینٹینز پر مقرر شدہ نرخ سے زائد پر مخصوص اشیاء فروخت کی جائیں گی، ان کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی اور جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔ گزشتہ سال سعودی وزرت صحت اور فوڈ اتھارٹی کے اشتراک سے سکول کینٹین میں فروخت کے لیے غذائی اشیاء کی مخصوص فہرست فراہم کی گئی تھی، جن کے علاوہ کوئی اور غذائی مصنوعات فروخت کرنے پر پابندی عائد ہو گی۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں