فیملی تقریب میں شرکت کرنے والے 21 رشتہ دار کورونا کا شکار بن گئے

2 افراد کی حالت نازک ہے، متاثرین میں خواتین، بزرگ اوربچے بھی شامل ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 22 جون 2020 11:46

فیملی تقریب میں شرکت کرنے والے 21 رشتہ دار کورونا کا شکار بن گئے
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22جون 2020ء) سعودی عرب میں کورونا کے باعث پانچ سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہے تاہم اکثر افراد کی جانب سے اس پابندی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے سماجی اور خاندانی تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ ایک ایسی ہی خاندانی تقریب میں شرکت کرنے پر 21 افراد کورونا کا شکار ہو گئے۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق یہ تمام افراد چار خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں۔

جنہوں نے حکومتی احکامات کی پرواہ نہ کرتے ہوئے سماجی تقریب میں شرکت کی اور نتیجے میں بڑی مشکل میں پھنس گئے۔ متاثرین میں خواتین، بزرگ اور بچے بھی شامل ہیں۔ دو افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جنہیں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ چند روز قبل بھی سعودی عرب میں ایک خاندانی تقریب میں شرکت کرنے والی کورونا کی مریضہ نے 9 افراد کو اس موذی مرض میں مبتلا کر دیاتھا۔

(جاری ہے)

خاتون کو اپنی بیماری کا پتا نہیں تھا، وہ اپنے رشتہ داروں کے ساتھ ایک گھر میں اکٹھی ہوئی۔ تاہم چند روز بعد اس خاتون کے علاوہ دیگر افراد میں بھی کورونا کی تشخیص ہو گئی۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق کورونا کی مریضہ خاتون اپنے رشتہ داروں سے گلے ملتی اور ہاتھ ملاتی رہی۔ چند روز کے بعد جب خاتون کی طبیعت زیادہ بگڑی تو اسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

خاتون سے جب پوچھا گیا کہ اس کے اور کن کن لوگوں سے گزشتہ چند روز میں ملاقاتیں کی ہیں، تو اس نے اس دعوت میں شریک افراد کا ذکر کر دیا۔ کورونا کے ان مشتبہ مریضوں کے بھی جب ٹیسٹ لیے گئے تو خاندان کے 9 افراد میں کورونا کی تشخیص ہو گئی، جنہیں فوری طور پر 3 مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سعودی حکومت نے کورونا وائرس کو روکنے کی خاطر مملکت میں پانچ سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی لگا دی تھی، یہاں تک کہ گھروں میں بھی پانچ سے زائد افراد اکٹھے نہیں ہو سکیں گے۔

پانچ عام افراد کے اجتماعات پر بھی پابندی ہوگی۔ گھروں میں ایک ہی خاندان کے پانچ سے زیادہ افراد اکٹھے نہیں ہوسکتے ،وہ دوران سفر کسی آرام گاہ یا فارموں یا آبادیوں کے نزدیک کھلی جگہوں یا کیمپوں میں بھی پانچ سے زیادہ تعداد میں اکٹھے نہیں ہوسکتے ہیں۔شادی ، جنازے ،پارٹیوں اور اسی طرح کے دوسرے اجتماعات میں بھی پانچ سے زیادہ افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی برقرار رہے گی۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں