نماز کے وقت دُکانیں بند رکھنے کی پابندی ہٹانے کی سفارش کا معاملہ، سعودی شوریٰ نے ووٹنگ موخر کر دی گئی

سعودی شوریٰ کے کچھ ارکان نے سفارش کی تھی کہ اوقاتِ نماز میں دکانیں بند نہ کی جائیں، اس سے لوگوں کا کاروبار متاثر ہوتا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 22 جون 2021 10:26

نماز کے وقت دُکانیں بند رکھنے کی پابندی ہٹانے کی سفارش کا معاملہ، سعودی شوریٰ نے ووٹنگ موخر کر دی گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 جون 2020ء) سعودی عرب کی گزشتہ کئی دہائیوں سے پہچان اسلامی روایات و اقدار کے پابند ایک اسلامی ملک کے طور پر رہی ہے ۔ تاہم موجودہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت کو اعتدال پسند ریاست بنانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ ا س مقصد کے لیے انہوں نے بہت سی اصلاحات متعارف کرائی ہیں، جن پر سخت گیر موقف رکھنے والا مذہبی طبقہ ان سے نالاں نظر آتا ہے۔

گزشتہ روز سعودی شوریٰ میں ایک قرارداد پیش کی گئی تھی کہ نماز کے وقت دکانیں بند رکھنے پر عائد پابندی ہٹائی جائے۔ گزشتہ وز پابندی ہٹانے یا برقراررکھنے کے حوالے سے ووٹنگ ہونی تھی، جسے فی الحال ملتوی کر دیا گیا ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق شُوریٰ کے اراکین ڈاکٹر فیصل الفاضل، ڈاکٹر لطیفہ الشعلان اور ڈاکٹر لطیفہ العبد الکریم نے اسلامی و عدالتی امور کی کمیٹی کے سامنے سفارش کی ہے کہ نماز کے اوقات کے دوران تجارتی مراکز بند رکھنے کی پابندی ختم کر دی جائے۔

(جاری ہے)

شوریٰ اراکین نے اپنی سفارش میں کہا تھا کہ صرف سعودی عرب میں ہی نماز کے اوقات کے دوران تجارتی مراکز بند کرنے کا رواج ہے۔ اس کے علاوہ کسی مسلم ملک میں ایسا نہیں کیا جاتا ۔ مملکت میں بھی یہ پابندی کچھ عشروں پہلے ہی عائد کی گئی ہے۔تجارتی مراکز کا کام لوگوں کو مستقل خدمات کی فراہمی ہے۔ یہ لوگ روزگار کمانے کے لیے بیٹھے ہیں۔ جس طرح سرکاری اور نجی اداروں کو نماز کے اوقات کے دوران بند نہیں کیا جاتا، اسی طرح تجارتی مراکز پر بھی نماز کے دوران بندش کی پابندی ہٹا لی جائے ۔

پٹرول اسٹیشنوں اور فارمیسیوں کو بھی نماز کے دوران بند نہ کیا جائے۔ البتہ نماز جمعہ کے وقت کاروباری مراکز کی بندش لازمی ہونی چاہیے۔ یہ معاملہ بہت زیادہ اہمیت اختیار کر گیا تھا جس پر کل سوموار کو ووٹنگ ہونا تھی، تاہم کچھ وجوہات کی بناء پر اس معاملے پر ووٹنگ موخر کر دی گئی ہے۔ امکان ہے کہ اگلے ہفتے اسے رائے شماری کے لیے پیش کیا جا سکتا ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں