مکہ مکرمہ میں سڑکوں اور پبلک مقامات پر گاڑی دھونے پر پابندی عائد کر دی گئی

خلاف ورزی پر ایک ہزار ریال جرمانہ ادا کرنا ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 9 مارچ 2020 10:42

مکہ مکرمہ میں سڑکوں اور پبلک مقامات پر گاڑی دھونے پر پابندی عائد کر دی گئی
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9مارچ 2020ء) مکہ مکرمہ کی میونسپلٹی شہر کو خوبصورت بنانے اور تجاوزات کا خاتمہ کرنے کے حوالے سے پچھلے کچھ عرصہ سے خاصی متحرک ہو چکی ہے۔ جس بہت حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں اور شہر میں اکثر مقامات پر گندگی اور کوڑے کے ڈھیروں کا خاتمہ ہونے کے علاوہ خوانچہ فروشوں اور ریڑھی بانوں کے خلاف کریک ڈاؤن سے راہگیروں اور ڈرائیورز کے لیے بڑی آسانی پیدا ہوئی ہے۔

مکہ مکرمہ کی جانب سے ایک نئی وارننگ جاری کی گئی ہے جس کے تحت سڑکوں اور پبلک مقامات پر گاڑی دھونا منع ہے۔ جو لوگ اس قانون کی خلاف ورزی کریں گے، انہیں ایک ہزار ریال کا جرمانہ بھرنا ہو گا۔ سعودی ویب سائٹ عاجل کے مطابق میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

جہاں کہیں بھی لوگ سڑکوں اور پبلک مقامات پر گاڑی دھونے میں مصروف نظر آتے ہیں، ان کو موقع پر ہی ایک ہزار ریال جرمانہ کر دیا جاتا ہے۔

مکہ میونسپلٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کریک ڈاؤن کے لیے گاڑیوں کی دھلائی کے لیے استعمال ہونے والے سینکڑوں گیلن اور تیار لوشن بھی ضبط کر کے تلف کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی مکہ مکرمہ میونسپلٹی کی جانب سے مضر صحت گوشت اور سبزیوں و پھلوں کی فروخت روکنے کے لیے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کیے جا رہے ہیں، ان چھاپوں کے دوران ناقابل استعمال غذائی اشیاء ضبط کرنے کے علاوہ فروخت کرنے والوں کو بھی گرفتار کر کے ان پر جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔

آج کے روز بھی مکہ میونسپلٹی کی جانب سے زائد المعیاد اور مضر صحت غذائی اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی۔ سعودی ویب سائٹ سبق کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بلدیہ اہلکاروں پر مشتمل ایک انسپکشن ٹیم نے نکاسہ مارکیٹ کا دورہ کیا۔ جس دوران وہاں پر ٹھیلوں اور دُکانوں پر فروخت کی جانے والی 70 ٹن غذائی اشیاء تحویل میں لینے کے بعد تلف کر دی گئیں۔

جن میں مضر صحت اور زائد المیعاد گوشت، مچھلیاں، پھل اور سبزیاں شامل تھیں۔ جبکہ غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والے درجنوں غیر مُلکی بھی گرفتار کر لیے گئے، جن میں متعدد پاکستانی بھی شامل ہیں۔ گرفتار شدگان کی بڑی تعداد غیر قانونی طور پر مملکت میں مقیم تھی۔ جنہیں ڈی پورٹ کرنے کی خاطر جلد ہی شمیسی جیل منتقل کر دیا جائے گا۔ بلدیہ اہلکاروں نے بتایا کہ نکاسہ مارکیٹ میں غیر قانونی تارکین ریڑھیاں اور ٹھیلے لگا کر پھل سبزیاں اور دیگر غذائی اجناس فروخت کر رہے تھے جن میں سے زیادہ تر صحت عامہ کے لیے نقصان دہ تھیں۔ چھاپے کے وقت یہ غیر قانونی ٹھیلے والے اپنا سامان چھوڑ کر وہاں سے بھاگ نکلے تاہم چند ایک کو گرفتار کر لیا گیا۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں