مکہ مکرمہ والے آج ٹھنڈے ٹھار موسم اور بارش کا لطف اُٹھائیں گے

آج مکہ، عسیر، جازان اور باحہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 9 جون 2021 12:42

مکہ مکرمہ والے آج ٹھنڈے ٹھار موسم اور بارش کا لطف اُٹھائیں گے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9جون 2021ء) سعودی عرب میں رمضان المبارک کے دوران اللہ کی رحمت سے موسم بہت خوشگوار رہا ہے۔تاہم بعد میں موسم شدید گرم ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے لوگ بارش کی دعائیں کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے خوش خبری سُنا دی ہے۔ آج مکہ معظمہ، جازان، عسیر اور باحہ میں بیشتر مقامات پر بارش کا بھر پور امکان ہے ۔ ان علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے اور مطلع ابر آلود رہے گا۔

جبکہ ریاض ریجن اور مدینہ منورہ میں گرد و غبار کا طوفان اُٹھے گا جس سے حدِ نظر محدود ہو جائے گی۔ آج سب سے زیادہ گرمی مدینہ منورہ میں پڑ رہی ہے جہاں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔ جبکہ سب سے ٹھنڈا موسم السود میں ہو گا جہاں درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رہے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سعودی محکمہ موسمیات کے قومی مرکز کے ترجمان حسین القحطانی نے بتایا ہے کہ اس بار مملکت میں موسم گرما شدید ترین ہوگا۔

خصوصاً اگست کا مہینہ گرم ترین ہوگا۔ اس بار اگست میں ریکارڈ توڑ گرمی پڑے گی۔ القحطانی نے بتایا کہ اس بار سب سے زیادہ گرمی جدہ میں پڑے گی جہاں درجہ حرارت 53ڈگری تک پہنچ جانے کا امکان ہے۔ اس سے پہلے 2010ء میں بھی اس شہر میں چھاؤں میں درجہ حرارت52.3 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔ اس سال دُنیا بھر میں گرمی کے لحاظ سے جدہ دوسرے نمبر پر تھا۔ جبکہ پہلے نمبر پر سب سے زیادہ گرمی پاکستانی شہر موہنجو داڑو تھا، جہاں درجہ حرارت 53.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو روز میں مملکت میں گرمی کی طاقتور لہر آ رہی ہے، جس کے بعد درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا۔سعودی ماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا ہے کہ نئی لہر سے سعودیہ کے پانچ علاقے گرمی کی شدید لہر کی لپیٹ میں آ جائیں گے۔ جن میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، الربع الخالی، الشرقیہ کے علاقے، ریاض اور قصیم شامل ہیں۔ اس نئی لہر کے بعد مملکت میں درجہ حرارت 45 ڈگری سے 49 ڈگری تک پہنچ جائے گا۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں